پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت پر فرد جرم کل عائد کی جائے گی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین پر فرد جرم کل عائد کی جائے گی، عدالت عظمیٰ نے گیارہ ستمبر کو کیس میں عامر لیاقت کی معافی مسترد کردی تھی۔
گیارہ ستمبر کو ہونے والی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے تھے کہ عامر لیاقت نے جواب میں معافی نہیں مانگی،جواب میں معافی نامے والا پیراگراف قانون کے مطابق نہیں،فی الحال معافی قبول نہیں کر رہے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کریں گے۔ مذاق بنا لیا ہے پہلے توہین کرو اور پھر معافی مانگ لو۔تذلیل کرانے کیلئے عدالت میں نہیں بیٹھے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ عامر لیاقت نے نا اہل ہونے سے بچنے کیلئے معافی مانگی لیکن عامر لیاقت نے تحریری جواب میں کہیں بھی معافی نہیں مانگی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عامر لیاقت نے خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے۔ اگر توہین عدالت ثابت ہوئی تو عامر لیاقت نااہل ہو جائیں گے۔
واضح رہے عامر لیاقت کو توتین آمیز گفتگو کرنے پر عدالت نے نوٹس جاری کیا تھا۔ نفرت انگیز ٹی وی پروگرام کے خلاف دائر درخواست پر سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے توہین عدالت نوٹس کے جواب میں غیر مشروط معافی مانگ تھی۔