چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی بے سہارا بچوں کیلئے بہت خدمات ہیں،اشفاق خان

   چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی بے سہارا بچوں کیلئے بہت خدمات ہیں،اشفاق خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بے سہارا بچوں کی امداد و بحالی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ لاہور پولیس چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تعاون سے متاثرہ بچوں کے حوالے سے جاری مہم میں شریک ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروکے دورہ کے موقع پر کہی۔انہوں نے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد،ڈائریکٹرجنرل شجاع بھٹی و دیگر افسران سے بھی ملاقات کی۔اشفاق خان نے بیورو کی چائلڈ نرسری،آئی ٹی روم،کلاس رومز،پلے گراونڈ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیااور جبری مشقت، تشدد،استحصال کا شکار بچوں کے لئے بیورو کی خدمات کو سراہا۔ 
چیئر پرسن بیورو سارہ احمد نے ڈی آئی جی آپریشنز کوادارے کی طرف سے فراہم کی جانے والی خدمات بارے آگاہی دی۔سارہ احمد نے بتایا کہ معاشرے کے ٹھکرائے نادار بچوں کو ادارے میں پناہ، تعلیم اور دیگر سہولیات دے رہے ہیں۔ بچوں کے تحفظ،روشن مستقبل اور بحالی کے لئے پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔بچوں پر تشدد، بھیک منگوانے اور جبری مشقت کے تدارک کیلئے لاہور پولیس کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے اس موقع پر مزید کہا کہ گداگری کے خلاف گزشتہ21روز سے جاری مہم کے دوران 306گداگر گرفتارکر کے161مقدمات درج کئے گئے۔سڑکوں پر بھیک مانگنے والے 29بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے بھی کیا گیا۔بچوں سے بھیک منگوانے والے عناصر کی سزائیں ناقابل ضمانت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔چیئر پرسن سارہ احمد نے ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کو ادارے کی طرف سے یادگاری شیلڈبھی پیش کی۔

مزید :

علاقائی -