سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار، انڈیکس مزید 105.14پوائنٹس کم ہوگیا
کراچی(اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی مندی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید105.14پوائنٹس کی کمی سے41701پوائنٹس کی سطح پرآ گیا اور 56.44 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 10 ارب 22کروڑ85لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 1لاکھ 32ہزارشیئرززائد رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی جس کے باعث دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباوٗ بڑھنے سے مندی چھاگئی جس کی وجہ سے 42ہزار کی نفسیاتی حد پھر گرگئی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس105.14پوائنٹس کی کمی سے 41701.23پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس52.86 پوائنٹس کی کمی سے 17605.68پوائنٹس پر آگیاجب کہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 38.77پوائنٹس کے اضافے سے29636.11پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر411کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 161کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 232میں کمی اور 18کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم78کھرب8ارب61کروڑ34لاکھ روپے سے گھٹ کر78کھرب18ارب84کروڑ19لاکھ روپے ہوگیا۔قیمتوں میں اتار چڑھاوٗکے لحاظ سے یونی لیور فوڈزکے حصص کی قیمت 1040روپے کے اضافے سے15ہزارروپے اورنیسلے پاکستان178.75روپے کے اضافے سے 6790روپے ہوگئی جب کہ مری بریوری 48.75روپے کی کمی سے 601.25روپے اورپریمیئر شوگر28.99روپے کی کمی سے 430.01روپے کے ساتھ نمایاں رہے۔مقامی کرنسیوں میں جمعہ کو بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ریکوری کا سلسلہ برقرار رہا اورانٹر بینک میں ڈالر مزید 25پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 30پیسے کی کمی سے 165.70روپے کی سطح پر آگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 25پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید166روپے سے گھٹ کر165.75روپے اور قیمت فروخت166.20روپے سے گھٹ کر165.95روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کی کمی سے166روپے سے گھٹ کر165.70روپے اور قیمت فروخت166.30روپے سے گھٹ کر166روپے ہوگئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قدر میں 1روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید193روپے سے گھٹ کر192روپے اور قیمت فروخت195روپے سے گھٹ کر194روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید211روپے اور قیمت فروخت213روپے مستحکم رہی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت مزید700روپے کی کمی سے ایک لاکھ 11ہزار800روپے ہوگئی۔آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روزعالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 2ڈالرکے اضافے سے بڑھ کر1859ڈالرہوگئی جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ سونے کی قیمت 700روپے کی کمی سے 1لاکھ 11ہزار800 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت601روپے کی کمی سے95ہزار850روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1150روپے مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ