انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کلیدی کردار ہے، ہمایوں خان 

  انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کلیدی کردار ہے، ہمایوں خان 

  

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر خزانہ ہمایون خان نے کہا ہے کہ وکلا کا کردار کسی بھی معاشرے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتہائی اہم ہوتا ہے، بار اور بنچ میں عزت و احترام کا تعلق قائم رہنا انتہائی ناگزیر ہے، ملک کے عوام کی انصاف کے حوالے سے تمام تر توقعات بار اور بنچ ہی سے ہوتی ہیں، انہوں نے ن لیگ کے رہنما سمیع اللہ سدوزئی کے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی آئی خان بار کونسل سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ سینئر نائب صدر ایوب شاہ، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی اور پارٹی کے ڈی آئی خان کے عہدیدار بھی شریک تھے۔ ڈی آئی خان بار کونسل کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور عہدیدار حنیف پیپا کی یاد میں ریفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ریفرنس سے خطاب میں ہمایون خان کا کہنا تھا کہ حنیف پیپا کی پارٹی کے لئے خدمات کسی طور بھی بھلائی نہیں جاسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی کے اہم سال پارٹی اور عوام کی خدمت کے لئے وقف کئے جس پر انہیں جتنا خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کسی بھی معاشرے کا اہم کردار ہوتے ہیں کیونکہ انصاف کے حصول کے لئے عوام کی پہلی امید انہی سے وابستہ ہوتی ہے۔ ہمایون خان نے کہا کہ بار اور بنچ کا تعلق جتنا مضبوط اور پائیدار ہوگا، انصاف کی فوری فراہمی اتنی یقینی ہوگی۔ ریفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور مرحوم حنیف پیپا کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں پارٹی کے ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری فرہان دھیپ کی جانب سے دئے گئے ظہرانے میں شرکت کی جہاں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء سمیع اللہ سدوزئی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں باقائدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -