سبسڈ ائز ڈآٹے کی دستیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے: خلیق الرحمان 

سبسڈ ائز ڈآٹے کی دستیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے: خلیق الرحمان 

  

 پبی (نما ئندہ پاکستان)وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے محکمہ خوراک میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کے لئے مارکیٹ میں سبسیڈائزڈ آٹے کی دستیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سرکاری آٹے میں معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ صوبائی حکومت عوام کوآٹے اور دیگر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔عوامی کو سستے آٹے کی فراہمی میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں فلور ملز کے معائنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مشیر وزیر اعلیٰ برائے محکمہ خوراک میاں خلیق الرحمن نے محکمہ خوراک کے افسران کے ہمراہ ضلع نوشہرہ، چارسدہ  اور نوشہرہ کے فلور ملز کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے پشاور کے عابد فلور ملز، صادق فلور ملز، چارسدہ کے کامران فلور ملز، عالم فلور ملز،مشترکہ سرحد پنجاب فلور ملز، چارسدہ فلور ملز، ہشت نغر فلور ملز، مدینہ فلور ملزاور لاثانی فلور ملز اور ضلع نوشہرہ میں قدیر فلورملز، خلیل فلورملز، مدینہ فلور ملز اور سعد فلور ملزکا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ملز میں سرکاری گندم کی فراہمی اورڈیلرز کو آٹے کی فراہمی کے ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اور موقع پر ہر ملز سے فون پر ڈیلرز سے کوٹے کی فراہمی اور آٹے کے بارے میں تفصیلات معلوم کی۔ انہوں نے موقع پر تمام ملز کے آٹے کے نمونے کی جانچ کی اور آٹے میں نمی کی مقدار کی زیادتی اورناقص آٹا کی تیاری پر محکمہ خوراک کے مجاز حکام نے موقع پر پشاور کے ایک فلور ملز، چارسدہ کے چار فلور ملزاور نوشہرہ  کے ایک فلور ملزکے سرکاری آٹے کا کوٹہ منسوخ کردیا۔ اس موقع پر مشیر خوراک میاں خلیق الرحمن نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ عوام کو سرکاری آٹے کی مارکیٹ میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل برائے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران دفاتر سے نکل کر اس سخت وقت میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے ہر وقت مارکیٹ میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملز مالکان باقاعدہ ڈیلرز کا ڈیٹا مرتب کرکے رکھا کریں تاکہ موقع پر اس کی چیکنگ ہو سکیں۔ اس موقع پر تمام فلور ملز سے آٹے کے نمونے ٹیسٹ کے لئے حاصل کئے گئے جس کی مکمل جانچ کے بعد مذید کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی بھی شکایت براہ راست مشیر خوراک کوکریں۔ محکمہ خوراک میں جلد شکایات سنٹر قائم کیا جارہا ہے جو ہر قسم کی شکایات کے ازالے کے لئے بروقت انتظامات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری آٹے کی شفاف ڈسٹری بیوشن کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس کے ثمرات سے صارفین مستفید ہو سکیں گے۔ مشیر خوراک نے چارسدہ کے دور دراز دیہات میں جاکر ڈیلرزکے پاس آٹے کی فراہمی اور ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ 

مزید :

صفحہ اول -