اراکین اسمبلی‘ تاجر برادری اور ضلعی  انتظامیہ کا اہم اجلاس‘ ورکنگ  ریلیشن شپ بہتر بنانے کا عزم

 اراکین اسمبلی‘ تاجر برادری اور ضلعی  انتظامیہ کا اہم اجلاس‘ ورکنگ  ...

  

رحیم یار خان(نمائندہ پاکستان)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ شہر میں میونسپل سروسز کی بہتری اور خوبصورتی میں اضافہ کیلئے ممبران اسمبلی، تاجر برادری اور ضلعی انتظامیہ کے ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنایا جائے گا۔یہ بات (بقیہ نمبر3صفحہ 6پر)

انہوں نے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشروزکواۃ چوہدری محمد شفیق کے ہمراہ شہر میں میونسپل سروسز کی بہتری اور خوبصورتی میں اضافہ کے لئے تاجربرداری، چیمبر آف کامرس، صنعتکار اور انڈسٹریز کے نمائندگان سے منعقدہ مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومت کی جانب سے ملنے والے وسائل کے ساتھ شہر میں بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور تیز ی سے بڑھتی ہوئی آبادی و کاروباری سرگرمیوں کے باعث میونسپل کارپوریشن رحیم یار خان کے پاس دستیاب وسائل ناکافی تاہم پھر بھی دستیاب وسائل کو بھرپور عوامی مفاد میں منصوبہ بندی کے تحت استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے حکومت کے ساتھ ساتھ ہماری بھی قومی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے شہر اور اس میں بسنے والے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کریں جس کے لئے فوری طور پر چند اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے جس کے لئے آپ سب اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تعاون درکار ہے اور باہمی مشاورت سے ہم اس شہر کو خوبصورت اور عوامی کو درپیش مسائل کا ازالہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انتظامیہ نے قلیل و طویل مدتی منصوبہ بندی کی ہے جس سے آپ سب لوگوں کو آگاہ کرنا ضروری تھا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں شہر میں سیوریج، صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ گنجان آبادیوں میں دستیاب جگہوں کو خوبصورت اور قابل استعمال بنانا ہے تاکہ شہری اپنے گھر کے نزدیک پارکس ودیگر تفریحی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے محدود وسائل کے باوجود شہر میں میونسپل سروسز کی بہتری کے لئے گراں قدر اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث گذشتہ چند ماہ سے تمام سیاسی و کاروباری سرگرمیاں ماند اور ڈویلپمنٹ فنڈز پر بھی اثرات مرتب ہوئے تاہم اب حکومتی کوششوں کے باعث صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور حکومت کی جانب سے بھی فنڈز کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ہماری کاروباری تنظیموں اور افراد کا بھی فرض ہے کہ وہ اس شہر کی بہتری اور خوبصورتی کے لئے نہ صر ف اپنا کردار ادا کریں بلکہ انتظامیہ کے شانہ بشانہ عوامی مسائل کے خاتمہ کی کوششوں میں تعاون کریں۔انہو ں نے کہا کہ ہمارے شہر کی تاجر برادری نے ہمیشہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اب شہر کی بہتری میں بھی ماضی کی طرح کام کرے گی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواۃ چوہدری محمدشفیق نے کہا کہ جلد وزیر اعلیٰ پنجاب سٹی پیکج کا اعلان کریں گے جس سے شہر میں مواصلات، سیور یج، صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری آئے گی تاہم فوری طور پر ہم سب آج جس مقصد کے لئے جمع ہوئے ہیں اس پر پیشرفت کرتے ہوئے میونسپل سروسز کی بہتری اور خوبصورتی کے حوالہ سے لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے اس پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری انتظامیہ کی جانب سے شہر کی صفائی، سیوریج اور خوبصورتی کے حوالہ سے کی جانے والی منصوبہ بندی کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔اجلاس میں کاروباری تنظیموں، چیمبر آف کامرس، صنعتی اداروں کے نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے شہر میں میونسپل سروسز کی بہتری اور خوبصورتی کے حوالہ سے دیئے جانے والے لائحہ عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملددرآمد کے لئے صوبائی پار لیمانی سیکرٹری عشر و زکواۃ چوہدری محمد شفیق کی سربراہی میں ریلیشن شپ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے دیگر ممبران میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، سیاسی و سماجی رہنما چوہدری فاروق وڑائچ، حاجی ظہور گجر شامل ہیں۔اجلاس سے قبل ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے شہر میں میونسپل سروسز کی بہتری اور خوبصورتی کے حوالہ سے انتظامیہ کی حکمت عملی بارے شرکاء کو بریفنگ دی۔

اجلاس

مزید :

ملتان صفحہ آخر -