والد کے انتقال کے بعد پاکستان سے واپس برطانیہ جانیوالی خاتون کو شوہر نے موت کے گھاٹ اتار دیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) حال ہی میں اپنے باپ کی موت کا صدمہ لے کر واپس برطانیہ جانے والی پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کو اس کے شوہر نے موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ میل آن لائن کے مطابق 39سالہ عابدہ کریم برطانوی شہر لیڈز میں اپنے 37سالہ شوہر ساجد پرویز اور 7بچوں کے ساتھ رہتی تھی۔ ساجدہ کے والد کا انتقال ہو گیا تھا اور وہ اس کی پاکستان میں تدفین کے بعد ایک ہفتہ قبل ہی واپس برطانیہ پہنچی تھی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں ساجدہ کریم کی لاش لیڈز میں واقع ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔ اس کے قتل کے الزام میں اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاحال پولیس کی طرف سے ملزم کے اس گھناﺅنے فعل کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو کل لیڈز مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔عابدہ کریم کی موت پر ان کے ہمسائے شدید غم کی حالت میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عابدہ کریم انتہائی شاندار اور وضع دار خاتون تھیں۔ان کی ایک ہمسایہ خاتون کا کہنا تھا کہ ”مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ عابدہ کریم کو قتل کر دیا گیا ہے۔ وہ انتہائی شفیق اور مہربان خاتون تھی۔ وہ ہر کسی کا خیال رکھتی تھی۔“ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ ”عابدہ اور اس کے شوہر کا تعلق بظاہر بہت اچھا تھا۔ ہمیں نے کبھی انہیں جھگڑتے نہیں دیکھا۔ ہمیں سمجھ نہیں آ رہی کہ عابدہ کے شوہر نے اس جرم کا ارتکاب کیوں کیا۔“