حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے: شہباز حسین چوہدری

حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ...
حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے: شہباز حسین چوہدری

  

جدہ(محمد اکرم اسد) عمران خان کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انکی فلاح و بہبود کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ اوورسیز پاکستانیز بلا خوف و خطر پاکستان کی معاشی اور فلاحی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں ، جہاں ان کا سرمایہ اور کاروبار محفوظ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر شہباز حسین چوہدری نے یہاں ملاقات کے لئے آنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت ہاؤسنگ پراجیکٹس سمیت کئی منصوبہ جات اوورسیز پاکستانیز کے منتظر ہیں جہاں وہ بہتر منافع کما سکتے ہیں، اسکے علاوہ حکومت پاکستان نے روشن پاکستان بینک اکاؤنٹس متعارف کروایا ہے جو اوورسیز پاکستانیز یہاں بیٹھے ہی نہ صرف غیر ملکی اور پاکستانی کرنسی میں اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں بلکہ انکے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے اکاؤنٹس سے رقم دنیا میں کہیں بھی ٹرانسفر کر سکتے ہیں۔

شہباز حسین چوہدری جو خود بھی کئی دہائیاں یورپ اور مشرق وسطی میں گزار چکے ہیں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے جو منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خلاف مہم چلائی ہے اسکے دور رس نتائج برآمد ہونگے جس سے پاکستانی معاشرے میں شفافیت آئے گی اور بیرون ملک پاکستان کی ساکھ بہتر ہو گی، سابق وفاقی وزیر نے بتایا کہ عمران خان کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو بر وقت ان کی واپسی کے لئے مختلف ممالک کی حکومتوں بشمول سعودی عرب سے رابطہ کر کے اور دوسرے معاملات طے کر کے اضافی پروازیں چلائی ہیں تاکہ پاکستانی اپنی ڈیوٹی پر جا سکیں۔

شہباز چوہدری نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ حکومتی پالیسیوں اور ترغیبات سے فائدہ اٹھا کر اپنے سرمائے کو بڑھائیں، شہباز چوہدری نے حکومت سے بھی کہا کہ اوورسیز پاکستانی جو ملکی معشیت کی ریڑھ کی ہڈی کی حصیت رکھتے ہیں کو خصوصی درجہ دیں تاکہ وہ اپنے آپ کو بیرون ملک خود کو صیح طور پر سفیر بن کر دکھائیں آخر میں شہباز حسین چوہدری نے کہا کہ آؤ سب ملکر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کر دیں تاکہ کوئی کسی کا استحصال نہ کر سکے۔ ملاقات کرنے والوں میں پاکستان کمیونٹی کےبزرگ رہنما چوہدری اعتزاز الرحمان منج، چوہدری تصور حسین، صاحبزادہ شاہد حسین شاہ، چوہدری محمد اکرم فیض، انجنئیر میاں الطاف حسین، اسد اکرم، چوہدری منیر سندھو، ضمیر حسن شاہ، حسین الرحمان منج، محمد اکرم سندھو اور دیگر شامل تھے۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -تعلیم و صحت -