طلال چوہدری کی  طبیعت کیسی ہے اور اِنہیں ہسپتال سے کب ڈسچارج کیا جائے گا؟تفصیلات سامنے آگئیں

طلال چوہدری کی  طبیعت کیسی ہے اور اِنہیں ہسپتال سے کب ڈسچارج کیا جائے ...
طلال چوہدری کی  طبیعت کیسی ہے اور اِنہیں ہسپتال سے کب ڈسچارج کیا جائے گا؟تفصیلات سامنے آگئیں

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر مملکت طلال چوہدری پر مبینہ تشدد کے بعد میڈیا میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ حکومت نے ن لیگی رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب بلوچ کو تحفظ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ،طلال چوہدری لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ان کے بھائی بلال چوہدری نے اپنے بھائی کی صحت اور ہسپتال سے فراغت بارے بتا دیا ہے۔

نجی ٹی وی "سما نیوز " کے مطابق سابق وزیر مملکت اور ن لیگی رہنما طلال چوہدری کے بھائی بلال چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر مملکت طلال  چوہدری کا ڈاکٹرز مسلسل طبی معائنہ کر رہے ہیں اور اب ان کے بازو کا درد بھی کم ہو رہا ہے جبکہ ان کی صحت بھی بہتر ہے ،طلال چوہدری کو آج ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا ۔بلال چوہدری نے کہا کہ تشدد کے واقعہ بارے وقت آنے پر طلال چوہدری میڈیا کو خود تمام صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

دوسری طرف طلال چوہدری نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  مجھے تنظیم سازی کے بہانے بلا کر تشدد کیا گیاجس سے میرا بازو  ٹوٹ گیااور میرا موبائل فون بھی چھین لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کا کسی خاتون رکن  قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں ہے ،بعض حکومتی شرپسندوں کا واقعہ کو سیاسی رنگ دینا قابل مذمت ہے ،واقعہ سے متعلق ذرائع سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے،واقعہ کے بارے میں تفصیلی موقف جاری کروں گا ،میڈیا سے درخواست ہے کہ میرے موقف کا انتظار کیا جائے ،ایسی خبریں نہ دی جائیں جن سےغلط فہمیاں یا رنجشیں پیدا ہوتی ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا تھا کہ طلال چودھری تنظیم سازی کے لیے نہیں خاتون کو ہراساں کرنے گئے تھے ،خاتون نے ون فائیو پر بتایا کہ کچھ مشکوک لوگ موجود ہیں ،پولیس موقع پر پہنچی تو طلال چوہدری کی پٹائی ہو چکی تھی،طلال چوہدری کہتے ہیں کہ وہ تنظیم سازی کے لئے گئے تھے،رات کے تین بجے کون سی تنظیم سازی ہوتی ہے؟چیزیں عیاں ہیں کہ انہوں نے خاتون کو ہراساں کیا اور پٹائی ہوئی۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم صفدر نے خاتون ایم این اے کو مقدمہ درج نہ کرانے کا کہا ہے ،کسی خاتون کو ہراساں کریں گے تو فیملی ردِ عمل دے گی،طلال چوہدری کون ہوتے ہیں رات کے تین بجے کسی کے گھر میں گھسیں ؟افسوسناک بات ہے کہ مریم صفدر کیس خراب کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن معاملے کو دیکھ رہے ہیں ،طلال چوہدری کے خلاف ایکشن لینا چاہئے،سی پی او فیصل آباد پولیس افسر ہیں طلال چوہدری کے ترجمان نہیں ،معاملے پر پولیس حکام سے بات ہوئی ہے،پولیس نے بتایا ہے کہ معاملہ بالکل درست ہے،طلال چوہدری تنظیم سازی نہیں ،خاتون کو ہراساں کرنے گئے تھے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -