مطالبات منظور نہ ہوئے تو شاہراہ دستور پر دھرنا دیں گے،آغا ذوالفقار

مطالبات منظور نہ ہوئے تو شاہراہ دستور پر دھرنا دیں گے،آغا ذوالفقار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران لاہور کے پیٹرن انچیف آغا ذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں ناکام اور مشکلات بڑھ رہی ہیں۔
، صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ کل27 ستمبر تک تحفظات دور نہ کئے گئے تو کراچی تا خیبر ملک بھر کی تاجر برادری کے ہمراہ مرکزی تنظیم تاجران لاہور شاہراہ دستور پر وزارت خزانہ کا گھیراؤ کرے گی۔
 تاجر برادری کے جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے شاہراہ اقتدار پر  بیٹھے رہیں گے۔ 


صدارتی آرڈیننس رات کی تاریکی میں لاکر تاجروں کے حقوق پر کسی کو شب خون نہیں مارنے دیں گے۔ چھوٹے تاجروں سے جبری ٹیکس وصول کئے جاتے ہیں عزت نفس کو مجروح کیا جاتا ہے جبکہ بڑے مگر مچھ نہ ٹیکس نیٹ میں آتے نہ ہی کسی قانون کے نرغے میں آتے ہیں۔ مرکزی تنظیم تاجران لاہور ملک بھر کے تاجروں کے ہمراہ تاجر برادری کے حقوق کی بالادستی کیلئے اسلام آباد کے ایوان اقتدار سے ٹکرائے گی۔ ملک بھر کے تاجر اپنے حقوق لینے کیلئے وزارت خزانہ اسلام آباد کے دفتر کا گھیراو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے۔ دکانداروں تاجروں کو نوٹس بھیجنے ڈرانے خوفزدہ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے تاجر اپنے حقوق کیلئے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مرکزی تنظیم تاجران لاہور تاجر برادری کے حقوق کی بالادستی کیلئے اپنے مشن کو قومی فریضہ سمجھ کر نبھائے گی۔ 27 ستمبر سے پہلے تاجر برادری کے مسائل حل کئے جائیں تاکہ ملک میں بے چینی اور بے یقینی بڑھنے کی بجائے کمی آئے اور تاجر سکھ کا سانس لے سکیں۔