اپنی ہی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد میں ناکامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، اسلم اقبال
لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں چینی کی 89.75روپے فی کلو گرام کی قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔ہدایات صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت اجلاس میں جاری کی گئیں۔اجلاس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر نے بعض شہروں میں اشیاء ضروریہ کی زائد نرخوں پر فروخت پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال جلد از جلد بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اپنی ہی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد میں ناکامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کارکردگی اسی وقت نظر آئے گی جب قیمتوں میں استحکام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چینی، آٹا اور دیگر اشیاء کی زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اورغفلت اور کوتاہی پر ذمہ داروں کیخلاف ایکشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گرانفروشی پرجرمانے کی بجائے دکان سیل کرنے کی واضح ہدایت پر عمل کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ شوگر ملوں میں موجود سٹاک کی فیزیکل ویریفیکیشن کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے انتظامیہ اور پولیس چینی کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھے۔
اسلم اقبال