پنجاب پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن،تبدیلی کا سفر اب رکنے والا نہیں:عثمان بزدار

 پنجاب پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن،تبدیلی کا سفر اب رکنے والا نہیں:عثمان ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں،جس میں عمومی سیاسی صورتحال اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا-منتخب نمائندوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو حلقو ں کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کومقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا-پنجاب کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے- تبدیلی کاسفر اب رکنے والا نہیں -پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی بھی میرے دست و بازو ہیں او ران کا ہرجائز کام ہر صورت ہو گا - انہوں نے کہاکہ اپوزیشن والوں نے 3 برس کے دوران عوامی خدمت کے سفر میں صرف رکاوٹ ڈالی اوران لوگوں کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی حکمت عملی - یہ پہلے بھی ناکام رہے ہیں اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہو ں گے اور حکومت مدت پوری کرے گی - ملاقات کرنے والوں میں غلام بی بی بھروانہ، عامر طلال گوپانگ،رضا نصر اللہ اور احمد حسین شامل تھے- سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں اور وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا-اس موقع پر زیر تکمیل اورنئے ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال کاجائزہ لیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا-ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل او رتکمیل میں اراکین اسمبلی کی تجاویز کو اہمیت دی جاتی ہے-پسماندہ اورنظرانداز کردہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں - وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی ہر شہر،قصبے او ردیہات کا حق ہے،عوام کو ان کاحق لوٹا رہے ہیں -ہر ضلع اور شہروں کے دورے کر کے مسائل کا جائزہ لے رہاہوں -عثمان بزدار نے کہاکہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ضلع، تحصیل اورعلاقے تک جاؤں گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب کی ترقی کیلئے پہلے زبانی جمع خرچ کیا جاتا تھا اب عملی اقدامات کئے جاتے ہیں -کسی کو بھی ترقی کے سفر میں حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے- پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عہد نبھائیں گے-وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہر شعبہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لارہے ہیں - عوام کی زندگی کو بدلنا اور لوگوں کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں -ارکان پنجاب اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار حقیقی معنوں میں عوام کا درد رکھتے ہیں -عثمان بزدارکا ہر علاقے میں جاکر مسائل کاجائزہ لینا مثبت اقدام ہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں - ارکان اسمبلی کا کہناہے کہ پنجاب بدل رہاہے،دور دراز علاقوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں -ملاقات کرنے والوں میں ندیم قریشی، مامون تارڑ، نیاز حسین خان، جاوید اختر لنڈ او ردیگر شامل تھے-

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -