وزیر اعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں اقوام عالم کو آئینہ دکھایا:وفاقی وزراء
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزراء فواد چوہدری، علی امین گنڈہ پور، شیخ رشید،فرخ حبیب اور دیگر نے کہاہے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں مسئلہ کشمیر، افغانستان کی صورتحال، غریب ملکوں سے لوٹی ہوئی دولت اور ماحولیات کے بارے میں مدلل اور جامع گفتگو کی،دنیا کے سامنے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کیا، ہفتہ کو وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا وزیراعظم کے خطاب کے چار بنیادی موضوعات تھے،انہوں دنیا کو باور کرایا کہ کس طرح آر ایس ایس نظریئے پر قائم بھارت کی فاشسٹ حکومت اقلیتوں کا قتل عام کر رہی ہے، عمران خان نے خطاب میں نہ صرف پاکستان، خطے بلکہ عالمی دنیا کو درپیش چیلنجز کا بہترین احاطہ کیا، دنیا کو بتایا افغانستان کو تنہاچھوڑا گیا تو یہ خطے اور پوری دنیا کیلئے خطرناک ہوگا، وزیراعظم نے غریب ممالک سے لوٹی گئی دولت امیر ممالک کو منتقل کرنے کی حوصلہ شکنی پر بھی زور دیااورباور کرایا غریب ممالک سے لوٹی ہوئی دولت امیر ممالک کو منتقل ہونے سے امیر ملکوں کیخلاف نفرت پیدا ہو رہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے کرہ ارض کو لاحق خطرات کیلئے اپنی عالمی ذمہ داریوں کے تناظر میں کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے چاروں موضوعات پر بہت مدلل اور جاندار دلائل کیساتھ اپنا موقف پیش کیا، پوری قوم وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور انکے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کرکے کشمیری عوام کے دل جیت لیے ہیں اور ثابت کیا ہے کہ وہ ایک حقیقی سٹیٹ مین ہیں، وزیراعظم کے خطاب سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر انتہائی جرات اور استدلال سے اقوام عالم کو آئینہ دکھایا، دنیا میں بڑھتی ہوئی معاشی اورسماجی بے چینی کے اسباب احاطہ کیا، افغان مسئلے کو درست سیاق وسباق میں دنیا کے سامنے رکھا، دنیا کو انتہائی جرات سے یہ بھی بتایا کس طرح سپر پاورز نے افغانستان میں کھیل کھیلے،افغان مجاہدین کے قیام اور طالبان کے اقتدار میں آنے تک کی داستان دنیا کے سامنے رکھی، دنیا کو باور کروایا آج افغانستان میں حالات کا ذمہ دار پاکستان نہیں بلکہ امریکہ اور دیگرممالک ہیں، کس طرح امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردی کے رحم وکرم پراکیلا چھوڑ دیا، انہوں نے موجودہ حالات میں افغانیوں کو تنہا ناں چھوڑنے کی اپیل۔ایک مرتبہ پھر دنیا کو مودی کے ہندوستان کا فاشسٹ چہرہ دکھایا،اقوام عالم کو یہ بھی بتایا ترقی یافتہ ممالک غریب ملکوں کی لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ دے رہے ہیں، امید ہے اقوام عالم وزیر اعظم عمران خان کے خطاب سے رہنمائی لیکر درست پالیسیاں بنائیں گے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کو بہترین انداز میں باور کروایا ماضی کی غلطی کو نہ دہرائے بلکہ افغانستان میں دیر پا امن کیلئے کوشش کرے،مودی کے ظالمانہ نظریہ آر ایس ایس کو ایکسپوز کیا، کشمیریوں کے سچے وکیل اور نڈر سفیر ہونے کا کردار کیا، سید علی گیلانی کی میت کو اسلامی رسومات کیساتھ شہدا کے قبرستان میں دفنانے کے مطالبہ پر زور دیا، الحمد اللہ پاکستان میں ایسا وزیراعظم موجود ہے جو قومی مفاد اور آنیوالی نسلوں کے مستقبل کو ترجیح دیتا ہے۔
وفاقی وزراء