شیطان ہروار سے ہمیں اللہ کریم سے دور کرنے کی کوشش کرتا ہے:عبدالقدیر اعوان

شیطان ہروار سے ہمیں اللہ کریم سے دور کرنے کی کوشش کرتا ہے:عبدالقدیر اعوان

  

 ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)شیطان ہر وا ر سے ہمیں اللہ کریم سے دور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اللہ کریم نے بنی آدم کو تمام مخلوقات پر فضیلت بخشی ہے اور حضرت آدم کو نوری مخلوق نے سجدہ کر کے اس کی قربت اور نیابت کو تسلیم کیا۔اس احسان عظیم کا شکر ادا کرنا اور اپنی حدود میں رہ کر اپنے فرائض کی بجا آوری لانا ہے اور ایسے امور کو زیر بحث نہ لایا جائے جن سے متعلق روز محشر پوچھا نہ جائے گا۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستا ن نے جمعتہ المبارک کے خطبہ کے موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی دوسرے کے متعلق ہماری ابتدا منفی سوچ کے تحت ہو تی ہے۔جو کہ من حیث القوم درست نہ ہے ہمیں دوسروں کے لیے اچھائی کا گمان رکھنا چاہیے۔ایک بات یاد رکھنے کی ہے کہ انسان بشر ہے اور اس میں خطا کرنے کا عنصر ہمہ وقت موجود ہے  اللہ کریم اس بات کو پسند فرماتے ہیں کہ یہ مخلوق غلطی کرے اور پھر اس پر نادم ہو کر معافی کی طلب گار ہو اور ایک جگہ ارشاد ہے کہ اگر یہ مخلوق غلطیاں چھوڑ دے تو اللہ کریم اس کی جگہ ایسی مخلوق پیدا فرمائیں گے جو غلطی کرے اور پھر اپنے اللہ کریم سے اس کی معافی بھی طلب کرے کیونکہ اللہ کریم کو معاف کرنا محبوب ہے آپ بہت رحم کرنیوالے ہیں۔ یاد رہے کہ 10اکتوبر بروز اتوار دارالعرفان منارہ میں سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے زیر اہتمام ماہ مبارک ربیع الاول کی مناسبت سے جلسہ بعثت رحمت عالم ﷺ کے موضوع پر بہت بڑے جلسہ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی خصوصی خطاب فرمائیں گے اور اجتماعی دعا بھی ہو گی خواتین و حضرات کے لیے دعوت عام ہے اس بابرکت پروگرام میں شرکت فرما کر اپنے قلوب کو منور فرمائیں۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -