پی تی آئی نے مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ بھی نہیں دیا:مولانا مثمر شاہ

پی تی آئی نے مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ بھی نہیں دیا:مولانا مثمر شاہ

  

 شبقدر (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ نااہل حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مولانا مثمر شاہ۔ جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی رہنماء اور سابقہ امیدوار این اے 23 حاجی ظفر علی خان، امیر تحصیل شبقدر مولانا شمس الحق، مفتی طاہر اللہ درویش اور مولانا رضوان اللہ نے شبقدر گلبہار کالونی میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر جواد خان اور مکرم خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندان سمیت اے این پی اور تحریک انصاف سے مستعفی ہوکر جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے عمل پیرا ہے۔ جس میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق اور عدل و انصاف کا نظام نافذ ہوگا۔ عدل کے بغیر کسی معاشرے امن و سکون قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ناکام اور نااہل ثابت ہو چکی ہے اس وقت ملک میں نہ ہی شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق میسر ہیں اور نہ ہی عدل و انصاف کہیں نظر آرہا ہے۔مقررین نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام آج صوبے کے عوام کی مقبول اور نمائندہ سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں تمام اضلاع سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار کارمیاب ہونگے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -