اے این پی پختونوں کے حقوق پر سودے بازی نہیں کرے گی:ایمل ولی خان

اے این پی پختونوں کے حقوق پر سودے بازی نہیں کرے گی:ایمل ولی خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 سرائے نورنگ(نمائندہ پاکستان)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان تین روزہ دورہ لکی  مروت کے تیسرے دن پر اے این پی کے مرکزی رہنما مر حوم سیف اللہ خان خانخیل کی رہائش گاہ واقع پرانا گنڈی اڈا آئے۔ جہاں پرصوبائی صدر ایمل ولی خان نے خدائی خدمتگار سیف اللہ خان خیل کی وفات پر ان کے صاحبزادے پی ایس ایف کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری ریاض خان مروت سے تعزیت کی اور پارٹی کے لئے مرحوم کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین کیا۔اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اے این پی پختونوں کے وسائل پر کسی قسم کا سودا کرنے کو تیار نہیں۔ حقوق کی بات کرنے کی پاداش میں اے این پی کا راستہ روکا جاتا ہے۔ پختونوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے ان پر جنگ مسلط کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے دوگنی بجلی پیدا کررہی ہے لیکن عوام اس نعمت سے محروم ہیں۔ گندم کی قلت میں اگر پنجاب پختونخوا کو گندم کی سپلائی روک سکتا ہے تو پختونخوا بجلی کیوں نہیں روک سکتی؟ باچا خان نے اس زمانے میں پختونوں کے وسائل پر انکے اختیار کی بات کی تھی جب انگریز اس سرزمین پر قابض تھا۔ اس خطے سے انگریز چلا گیا ہے، آج وسائل پر انکے وفادار قابض ہیں۔ پختونوں کو انکے وسائل پر انکے اختیار کا آئینی حق اٹھارہویں آئینی ترمیم  نے دیا ہے۔ مذہب کا نام استعمال کرکے پختون قوم کو مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ ذاتی مفادات کیلئے اسلام کا نام استعمال کرنے والے اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔