ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

آپ جس کوشش میں لگے ہوئے تھے، اس میں ان شاءاللہ کامیابی کے امکان بہت زیادہ ہیں اور غیر متوقع انداز سے رقم بھی ہاتھ میں آ سکتی ہے ۔ روزگار میں بہتری اور تبدیلی کے اشارے بھی موصول ہو رہے ہیں اور جس مسئلے کے حوالے سے کافی عرصے سے پریشان تھے ،اس نے فوری حل ہو جانا ہے، البتہ صحت کا خانہ کمزور ہے، پرہیزکریں اور روحانی علاج کرنے کی طرف بھی آئیں۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

وارثت کے امور میں بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے، جو لوگ عرصہءدراز سے اپنے حق کے لئے لڑ رہے تھے، ان شاءاللہ اب ان کی کامیابی بے حد قریب ہے اور بلاک رقم کی واپسی بھی ممکن ہوگی۔ خود بخود کسی حوالے سے آپ کو اہم پیشکش بھی ہوسکتی ہے۔ ملازمت پیشہ افراد کے لئے یہ ہفتہ بہت عرصے کے بعد خوشخبری لا رہا ہے۔ جتنے بھی بے روزگار تھے، ان شاءاللہ روزگار پر لگ جائیں گے۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

خاندانی معاملات میں آپ کا کردار اب دکھائی نہ دے تو بہتر ہے ،اگر آپ نے ایسا کیا تو کوئی بات آپ سے برداشت نہیں ہوگی۔ اس وقت کسی بڑے جھگڑے کا خطرہ بھی رہے گا، اس لئے خود کو دور رکھیں۔ اس ہفتے سفر کے متعلق اچھی خبریں ہیں اور کسی نئے کام کی ابتدا کے پروگرام بھی بن سکتے ہیں۔ بیماری سے نجات اور بدنظری جیسے معاملات سے بھی ان شاءاللہ نجات ملے گی۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آپ کو بڑے عرصے کے بعد ایک اچھا موقع مل رہا ہے جس سے آپ اپنی قسمت بدل سکتے ہیں، لیکن اچھا فیصلہ اور بہتر حکمت عملی اپنانا لازمی ہوگا۔ یاد رکھیں کہ اب ماضی کی غلطیاں نہیں کرنی،ایسا ہوا تو پھر آگے بڑھنے میں پریشانی ہوگی۔ روزگار کے حوالے سے شاندار دنوں کی ابتدا اور بے روزگار افراد کے لئے خوشی کی خبر ہے۔ موجودہ رہائش میں تبدیلی کا اشارہ بھی مل رہا ہے۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

آپ جس بندش وغیرہ میں عرصہءدراز سے جکڑے ہوئے تھے، ان شاءاللہ اب اس سے نجات مل جائے گی۔ بحکم اللہ زحل زائچے سے نکل جائے گا اور مشتری، جو تمام ستاروں کا بادشاہ ہے، وہ زائچے میں آ جائے گا، اس سے ان شاءاللہ عزت، دولت، شہرت ان معاملات میں شاندار بہتری ملتی ہے، مگر نیت کا صاف ہونا لازمی ہو گا، حقوق العباد کے حوالے سے خاص طور پر خود کو ٹھیک رکھیں۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

آپ کسی بدنظری کا شکار لگتے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے کاموں میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ آپ سورة القلم کی آخری دو آیات صبح و شام پڑھ کر خود پر پھونک لیا کریں،تمام معاملات ٹھیک ہو جائیں گے جو تنگ کررہے تھے اور دشمن بھی خودبخود بھاگ جائیں گے۔ آپ کی ایک پرانی خواہش بھی پوری ہو سکتی ہے اور ضرورت کے تحت رقم کا حصول بھی ممکن ہوگا۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ کسی بھی غیر ضروری کام اور غیر اشخاص کے معاملات سے دور رہیں، اس سے آپ کی زندگی پر اثر پڑ سکتا ہے۔ آپ صرف اپنے کام اور روزگار پر توجہ دیں، ان شاءاللہ اس میں بہتری کا امکان ہے۔ عرصہ دراز سے مشکلات اور نقصانات میں گھیرے ہوئے لوگ، اب اس کا ازالہ ملتا بھی دیکھ سکیں گے۔ جو لوگ رشتے وغیرہ کی بندش کا شکار تھے، وہ بھی اب اس سے نکل جائیں گے۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

ایک اہم ضرورت بحکم اللہ پوری ہوگی، اولاد کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ ہو سکتا ہے اور جس طرف سے مسلسل مخالفت ہو رہی تھی، وہ بھی ختم ہو جائے گی ،جو لوگ کسی کے ساتھ مل کر نیا کام شروع کرنا چاہتے ہیں وہ بسم اللہ کریں، ان شاءاللہ کامیابی ملے گی۔ یہ ہفتہ بلاک رقم بھی واپس دلانے کی خبر دے گا اور نوکری کرنے والوں کی ترقی کے بارے میں بھی اچھی خبرملے گی۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

لالچ کو اپنے قریب مت آنے دیں اور اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے شارٹ کٹ راستہ اختیار مت کریں، جو نصیب میں ہوگا، ان شاءاللہ وہ آپ تک پہنچ کر رہے گا ،خاص طور پر مالی معاملات بہتر ہو سکیں گے۔ بہن بھائیوں کے ساتھ رشتے یا وارثت وغیرہ کے حوالے سے کوئی مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے، اس سلسلے میں فی الحال آپ خاموشی ہی اختیار کریں تو بہتر ہے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

آپ کے لئے یہ ہفتہ کئی حوالوں سے خوشیوں کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔ آپ پر اب کسی قسم کا کوئی اثر ہے، نہ بندش، بالکل آزاد ہیں، بسم اللہ کرکے اپنے مقاصد کی جانب قدم اٹھائیں، ان شاءاللہ کامیابی ملے گی۔ جو لوگ کاروبار کررہے ہیں وہ مزید سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور جن کو سرمایہ حاصل کرنا ہے وہ ان کو مل جائے گا۔ ایک من پسند کام برسوں بعد ہونے جا رہا ہے۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

وہ راستہ کھل سکتا ہے جو سالوں پہلے بند ہو چکا تھا اور وہ لوگ بھی دوبارہ زندگی میں آ سکتے ہیں جو ساتھ چھوڑ چکے تھے۔ یاد رکھیں کہ وقت سدا ایک سا نہیں رہتا، اب صورت حال بڑے خوبصورت انداز میں آپ کے حق میں ہو رہی ہے۔ آپ کو اللہ کا نام لے کر اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ،جس میں مالی معاملات کو خاص توجہ دینا بہت ضروری ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

آپ روزانہ کے حساب سے صدقے کا عمل شروع کریں۔ زائچہ بتا رہا ہے کہ ستارہ رجعت میں ہے، جب ایسا ہو تو سارے معاملات الٹے چلنا شروع ہو جاتے ہیں۔ صدقہ پریشانی اور مشکل سے ان شاءاللہ محفوظ رکھے گا اور جو لوگ نوکری کی تلاش میں ہیں، ان کا مسئلہ حل ہوگا، نماز کی پابندی کریں۔ ”یا کریم یا سلام یا مومن یا اللہ“ ،ایک دن میں 500بار پڑھنا شروع کر دیں، بہت فائدہ ہوگا۔

مزید :

لائف سٹائل -مخفی علوم -