گرین لائن منصوبے پر حکومت کو ن لیگ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے ، سابق گورنر سندھ محمد زبیر

گرین لائن منصوبے پر حکومت کو ن لیگ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے ، سابق گورنر سندھ ...
گرین لائن منصوبے پر حکومت کو ن لیگ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے ، سابق گورنر سندھ محمد زبیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 میں ن لیگ گرین لائن منصوبے کا 80فیصد کام مکمل کر کے گئی ، انہوں نے تین سالوں میں صرف 40 بسیں منگوائیں ، ان کو ن لیگ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے ۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری حکومت آنے کے بعد ہم نے کراچی میں امن قائم کیا ، ہم سے پہلے کسی وفاقی یا صوبائی حکومت میں آپریشن کرنے کی ہمت نہ تھی ، اس کے بعد یہا ں میگاپراجیکٹ شروع کئے ، ہم نے دو ایل این جی ٹرمینلز لگائے ، کے فور منصوبہ 2018 میں ہم نے جہاں چھوڑا آج بھی وہیں ہے ، منصوبہ ویسے کا ویسا ہی پڑا ہے ، اس کی لاگت بڑھ چکی ہے ۔
محمد زبیر نے کہا کہ پنجاب میں بھی ہمارے منصوبوں پر پی ٹی آئی حکومت اپنی تختیاں لگا رہی ہے ، حکومت کہتی ہے کوویڈ کی وجہ سے بسیں منگوانے میں تاخیرہوئی ، ہماری حکومت میں جو کام ہوئے اس کی گواہی پورا پاکستان دیتا ہے ۔ لیاری ایکسپریس وے کو بھی ہم نے ہی بنایا ۔

محمد زبیر نے کہا کہ ہمارے دور میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین کراچی سے ہی لگے ،  کراچی کے عوام وفاقی حکومت سے پوچھٰیں کہ گرین بسیں تین سال کی تاخیر سے کیوں آئیں ،  وزیر اعظم نے 1100 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا ، تین سال ہو گئے اس کی رقم کیوں نہیں آئی ، منصوبوں کے اعلانات میں ان سے کوئی نہیں جیت سکتا ، عمران خان کا ہاتھ دوسرے کی جیبوں میں ہوتا ہے ۔ 

زبیر عمر نے کہا کہ توشہ خانہ کے سلسلے میں نواز شریف اور یوسف رضاگیلانی پر ریفرنسز بن گئے تھے ، یہاں کچھ دن پہلے تحفے کھا گئے کوئی پوچھنے والا نہیں ، ہم نے کے سی آر کو سی پیک میں شامل کیا تھا اب اسے سی پیک سے نکال دیاگیا ہے ، کراچی کو پنجاب سے ملانے والا موٹر وے جہاں ہم چھوڑ گئے تھے وہیں رکا ہوا ہے ۔ سی پیک پر دو سال بعد کچھ روز پہلے پہلا اجلاس ہوا ہے ۔

مزید :

قومی -سیاست -