بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے کون کون سے منصوبے جاری ہیں اور کب مکمل ہوں گے ؟مراد سعید نے مکمل تفصیلات جاری کردیں

 بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے کون کون سے منصوبے جاری ہیں اور کب ...
 بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے کون کون سے منصوبے جاری ہیں اور کب مکمل ہوں گے ؟مراد سعید نے مکمل تفصیلات جاری کردیں

  

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرمواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت کی جانب سے رقبہ کے اعتبار سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

 مراد سعید نےکہاہےکہ وزیراعظم عمران خان نے پسماندہ اور محروم علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کا نہ صرف وعدہ کیا بلکہ عملی طور پر اس کے لئے اقدامات اٹھائے، ماضی کے حکمرانوں کے مقابلے میں وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کی ترقی اور اس کے عوام کے مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وقتاً فوقتاً اپنے دوروں سے بلوچستان اور اہل بلوچستان کے معاملات میں اپنی ذاتی اور خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، ماضی میں سڑکیں بنانے کا دعویٰ کرنے والی حکومتوں نے بلوچستان میں نشستیں کم ہونےکی وجہ سےاسےنظر انداز کیا،ہماری ہمیشہ سےکوشش رہی ہےکہ بلوچستان کوایسی راہ پرگامزن کیا جائے جس کی منزل ایک خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ صوبہ ہو جہاں عوام کو صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، روزگار اور کاروبار کی تمام سہولتیں یکساں میسر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ہمارا دعویٰ ہی نہیں اور نہ ہی کوئی خواب ہے بلکہ گذشتہ تین سالوں کے دوران ہم نے عملی طور پر ان اقدمات کو عملی شکل دینے کیلئےصحیح سمت میں پیشرفت کاآغاز کیاجس کےمثبت نتائج ہرشعبہ زندگی پرمرتب ہو رہےہیں اورصوبےکےعوام ان تبدیلیوں کاخودبھی مشاہدہ کررہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان میں صرف تختیاں لگائیں اور منصوبوں کے ٹینڈرز جاری کئے لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں ہوا اور نہ ہی زمین پر کوئی کام نظر آیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے مغربی روٹ سی پیک کی نہ صرف منظوری دی بلکہ ژوب کچلاک منصوبے سے اس کا آغاز کیا،ہوشاب آواران 146 کلومیٹر شاہراہ کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے جو اپنے مقررہ وقت سے 20 فیصد تیزی سے انجام دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں سال کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھا اور ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس پر کام جاری ہے، زیارت موڑ کچ ہرنائی 165 کلومیٹر شاہراہ اور 198 کلو میٹر بسیمہ خضدار شاہراہ پر کام تیزی سے جاری ہے، بسیمہ خضدار شاہراہ بھی اس سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گی، ان منصوبوں کا سنگ بنیاد گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے رکھا تھا، جل جو بیلہ منصوبے کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے رکھیں گے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ کراچی، چمن، کوئٹہ، خضدار منصوبے کے ایک سیکشن کی پروکیورمینٹ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ 330 کلومیٹر کے دوسرے سیکشن کیلئے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے، یہ دونوں سیکشن بی او ٹی کے تحت مکمل ہوں گے،اس سڑک کی کل لمبائی 796 کلو میٹر ہے، سڑکوں کے ان منصوبوں سے بلوچستان میں فاصلے کم ہوں گے، سیاحت کو فروغ ملے گا اور فصلیں بروقت مارکیٹ تک پہنچ سکیں گی۔

انہوں نہ کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے ان منصوبوں سے ملک کے دیگر حصوں سے رابطے بحال ہوں گے، ان منصوبوں سے ہزاروں لوگوں کو بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں، شاہراہوں کی تعمیر و توسیع سے نہ صرف بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا بلکہ سی پیک کے ذریعے پورے خطے میں معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

مزید :

علاقائی -بلوچستان -کوئٹہ -