انگلینڈ کے خلاف میچ جتوانے والے حارث رؤف گیند کروانے آئے تو ذہن میں کیا چیز دوڑ رہی تھی ؟ فاسٹ باؤلر نے بتا دیا

انگلینڈ کے خلاف میچ جتوانے والے حارث رؤف گیند کروانے آئے تو ذہن میں کیا چیز ...
انگلینڈ کے خلاف میچ جتوانے والے حارث رؤف گیند کروانے آئے تو ذہن میں کیا چیز دوڑ رہی تھی ؟ فاسٹ باؤلر نے بتا دیا

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوینٹی میں قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے حار ث رؤف نے کہاہے کہ لیام ڈاؤسن نے جب حسنین کے اوور میں 24 رنز بنا لیے تو اس کے بعد بھی ذہن میں یہی تھا کہ آخری رن تک ہار نہیں ماننی اور اپنا سو فیصد دینا ہے۔

نجی ٹی وی" جیونیوز "سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ جس طرح لیام ڈاؤسن بیٹنگ کر رہے تھے تو وہ ان کے خلاف پلان بناکر آئے تھے کہ ان کی کمزوری کو ٹارگٹ بناتے ہوئے بولنگ کرنی ہے جس میں فائدہ ہوا اور پھر ٹیل اینڈرز کے خلاف اپنی بہترین گیندیں کرائیں اور کامیابی ملی۔حارث رؤف کا کہنا تھا کہ جب وہ اوور کرانے آئے تو ذہن میں یہی تھا کہ آخری رن تک ہار نہیں ماننی۔

میچ میں پاکستان کی ٹیم 166 رنز بناپائی تھی ، ہدف کے دفاع کے بارے میں حکمت عملی کے بارے میں حارث رؤف نے کہا کہ پلیئرز کی سوچ یہی تھی کہ اپنا سو فیصد دینا ہے، نتائج جس کے بھی حق میں ہوں، اپنی طرف سے کوشش میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہئے، ہر پلیئر نے اپنا کردار ادا کیا اور ٹیم کو کامیابی ملی۔

ایک سوال پر نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ بولنگ کوچ شان ٹیٹ اپنے تجربات شیئر کرتے ہیں جس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا  خاص طور پر یہ کہ پیس کا استعمال کیسے کرنا ہے، یارکرز کیسے کرانی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا کراؤڈ بہت زبردست تھا، ایسے پرجوش کراؤڈ سے کھلاڑیوں کو کافی انرجی ملتی ہے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں حارث رؤف جب اننگ کا 19 واں اوور کرانے آئے تو انگلینڈ کو جیت کیلئے 12 گیندوں پر 9 رنز درکار تھے ، پہلی گیند حارث نے ڈاٹ کرائی مگر دوسری گیند پر انہیں چوکا پڑ گیا، باقی بچے 10 گیندوں پر 5رنز ، مگر پھر میچ کا پانسہ پلٹ گیا اور پاکستان3 رنز سے جیت گیا۔حارث رؤف نے 2گیندوں پر2 وکٹیں دلوا کر بازی پلٹ دی، فاسٹ بولر نے مجموعی طور پر 4 اوورز میں 32 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کو 3 رنز سے جیت دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید :

کھیل -