پاکستان کرکٹ بورڈ کا میچ آفیشلز کے سپلیمنٹری پینل کو ماہانہ وظیفہ جاری کرنے کا اعلان 

پاکستان کرکٹ بورڈ کا میچ آفیشلز کے سپلیمنٹری پینل کو ماہانہ وظیفہ جاری کرنے ...
پاکستان کرکٹ بورڈ کا میچ آفیشلز کے سپلیمنٹری پینل کو ماہانہ وظیفہ جاری کرنے کا اعلان 

  

لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ آفیشلز کے سپلیمنٹری پینل کو ماہوار وظیفہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ اس کٹیگری کے میچ آفیشلز کو پی سی بی ماہوار وظیفہ دے گا۔

23رکنی اس پینل میں 15امپائرز اور 8 میچ ریفریز شامل ہیں، جنہیں ماہوار 25ہزار روپے وظیفہ ملے گا،اس سے قبل پی سی بی صرف انٹرنیشنل اور ایلیٹ پینل میں شامل میچ آفیشلز کو ماہانہ وظیفہ دیا کرتا تھا ،  انٹرنیشنل پینل کا ماہانہ وظیفہ ایک لاکھ 32 ہزار 250روپے اور ایلیٹ پینل کو ماہانہ 69ہزار 575روپے وظیفہ دیا جاتا ہے،اس کے علاوہ پی سی بی اپنے تمام میچز آفیشلز کو میچ فیس (10ہزارروپے روزانہ ) اور ڈیلی الاؤنس (2500 روپے روزانہ  دینے کے ساتھ ساتھ ان کے سفری اور رہائشی اخراجات بھی اٹھاتا ہے۔

 اب میچ آفیشلزکسی ایک چار روزہ میچ میں 52ہزار وپے تک کما سکتے ہیں ، اسی طرح وہ محدود طرز کی کرکٹ میں اب ہر میچ میں 15 ہزار روپے کماسکتے ہیں،علاوہ ازیں  پی سی بی اپنے میچ اسکوررز کا بھی خیال رکھے ہوئے ہے ،  ایک ڈومیسٹک میچ میں میچ اسکورر کو 7500 روپے روزانہ ملیں گے  اس کے علاوہ انہیں اس میچ میں 2500 روپے ڈیلی الانس بھی ملے گا۔

پریکٹس میچ میں اسکورر کو روزانہ 1500 روپےمیچ فیس اور 2000 روپے ڈیلی الانس ملے گا، ڈومیسٹک اور ایج گروپ کرکٹ میں پی سی بی انہیں لاجسٹک سہولیات بھی مہیا کرتا ہے،منیجر امپائرز پی سی بی بلال قریشی کا کہنا تھا کہ میچ آفیشلزکرکٹ کے ڈھانچے اور پی سی بی کا اہم حصہ ہیں،  پی سی بی ہمیشہ ان کا خیال رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ان کی قدر کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے سفری اور رہائشی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ،اس کے علاوہ اس سیزن سے پی سی بی نے سپلیمنٹری پینل میں شامل میچ آفیشلز کو ماہوار وظیفہ دینے کا بھی اعلان کردیا ہے،بلال قریشی کا کہنا تھا کہ پی سی بی زیادہ سے زیادہ سابق کھلاڑیوں کو اس پیشہ میں لانے کی کوشش کررہا ہےاور اس ضمن میں انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات بھی فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔

مزید :

کھیل -