" والدکو 9 برس پہلے اغواءکیا گیا جن کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں"، ماڈل مشک کلیم
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل مشک کلیم نے انکشاف کیا ہے کہ" ان کے والد کو آج سے 9برس پہلے اغواءکیا گیا جن کا تاحال کوئی پتہ نہیں ہے"۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی معروف ماڈل مشک کلیم کا ایک پرانا انٹرویووائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ" ان کے والد لاپتہ ہیں"۔ ماڈل نے بتایا ہے کہ "2013 میں جب وہ 18 برس کی تھیں تو ان کے والد نائجیریا سے اغواء ہوگئے تھے اور اب تک وہ بازیاب نہیں ہو سکے ہیں"۔مشک نے بتایا کہ "ہم چار بہن بھائی ہیں اور اب والد کو خاندان سے بچھڑے 9 برس ہوچکے ہیں جن کی کوئی خیر خبر نہیں مل سکی"۔انہوں نے کہا کہ "میرا ماننا ہے کہ انسان کو ہر حال میں اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہیے، جب یہ ہوا میرا بڑا بھائی 19 سال کا تھا اور دو چھوٹے بھائی کافی کم عمر تھے، اس وقت مجھے اندازہ ہوا کہ زندگی کتنی غیر متوقع ہے، آپ کو ہر وقت ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے"۔
مشک کلیم نے بتایا کہ" ان کی والدہ نے بہت ہمت سے اکیلے سب کی پرورش کی اور کوئی نوکری نہیں کی کیونکہ ان کے والد کی اچھی جاب تھی جس کے باعث ان کے پاس ایک اچھی سیونگ تھی"۔