پنجاب آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے جی سی لاہور میں ”تعلیم اور ہنر ساتھ ساتھ“ سیمینار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب آئی ٹی بورڈ اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے اشتراک سے سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات کو تعلیم اور ہنر کی یکساں اہمیت سے روشناس کرانے کیلئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ”تعلیم اور ہنر ساتھ ساتھ“ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سابق وزیراعظم عمران خان تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے۔ ہمارا فوکس نوجوانوں کی اعلی تعلیم اور سکلز ڈویلپمنٹ پر ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ سٹارٹ اپس کو سپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سہولیات اور سمت فراہم کرنا ہو گی۔ دنیا بھر میں آئی ٹی کمپنیاں اربوں ڈالر کی آمدن حاصل کر رہی ہیں۔
تقریب میں سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود, صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز, صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، سابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، سابق صوبائی وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، وی سی آئی ٹی یونیورسٹی ڈاکٹر سرفراز خورشید، ڈی جی ای گورننس پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، چیئرمین پاشا بدر خوشنود، سی ای او Enablers ثاقب اظہر اور بانی جی ایف ایکس Mentor عمران علی اور جی سی یونیورسٹی طلبا و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا گورنمنٹ کالج کے بہت سے تعلیمی پروگراموں میں ہنر کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج نے عظیم لیڈر اور شخصیات پیدا کی ہیں اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی ڈاکٹر سرفراز خورشید نے کہا کہ تعلیم اور ہنر ساتھ ساتھ آگاہی مہم اہم کاوش ہے۔ طلبا کو یہ بھی خیال رکھنا ہوگا کہ وہ دوران تعلیم یہ فیصلہ کریں کہ انہیں تعلیم کیساتھ کس ہنر میں مہارت حاصل کرنی ہے۔