سابق صدر زرداری کے قریبی ساتھی کو احتساب عدالت نے طلب کرلیا

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیب آرڈیننس ترامیم کالعدم ہونے کے بعد احتساب عدالت نے 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں سابق صدر زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم و دیگر کو طلب کرلیا۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو نیب ترامیم کالعدم قرار دے دی ہیں، ملزمان کے خلاف دائر ریفرنس اب بحال ہوچکا ہے۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین، بشارت مرزا، زہیر صدیقی، شعیب وارثی، خالد رحمان، ملک عثمان، یوسف جمیل اور اقبال زیڈ احمد کو 7 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔نیب کے مطابق ملزمان نے نیب ترمیم کے بعد عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ نے ملزمان کے خلاف ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ ملزمان پر گیس کے ٹھیکوں کی مد میں 17 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔