غیر قانونی طریقے سے پاکستان آنے والے بھارتیوں کا واپس جانے سے انکار

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چند روز قبل غیر قانونی طریقے سے پاکستان آنیوالے دو بھارتی شہریوں نے واپس جانے سے انکار کردیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹامحمدحسنین اور اسحٰق امیر پاک افغان سرحد کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے تاکہ بھارت میں مذہبی بنیادوں پر ظلم و ستم کا نشانہ بننے اور اپنی جانوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر پناہ یہاں حاصل کی جا سکے، اس کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر کراچی کی راہ لی۔پولیس کے بیان میں باپ بیٹے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہم جیل جانے کے لیے تیار ہیں لیکن بھارت واپس نہیں جائیں گے، اگر ہمیں ملک بدر کیا گیا تو ہمیں بھارتی سرزمین پر قدم رکھتے ہی مار دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ہمیں مارنا چاہتے ہیں تو پاکستان میں مار ڈالیں، کم از کم ہماری تدفین کے لیے کچھ زمین مل جائے گی، بھارت میں ہمیں یہ بھی نہیں ملے گا۔
پولیس نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ بھارتی شہریوں نے پاکستان میں داخل ہونے سے قبل نئی دہلی کے علاقے گوتم پوری میں اپنی رہائش گاہ سے نکل کر 14 دن کا سفر کیا۔