کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گیا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق سٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 14 ارب 37 کروڑ 95 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
کمرشل بینکوں کے ذخائر 3 کروڑ 53 لاکھ ڈالربڑھے ہیں جس کے بعد کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 41 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مجموعی ذخائر ایک ہفتے میں 5 کروڑ 76 لاکھ ڈالر تک بڑھے ہیں، ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر 19 ارب 79 کروڑ 33 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔