مذاکرات کا حتمی اختیار عمران کے پاس، کوئی چاہتا ہے تو ان سے رابطہ کرے: علی محمد خان 

Sep 26, 2025

                                                                        اسلام آباد(آئی این پی)پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ کرے تو مجھ سے کرے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر احتجاج کے آخر میں مذاکرات ہوتے ہیں تاکہ کوئی راستہ نکل سکے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے دس ماہ قبل مشاورت کے دوران یہ سوال اٹھایا گیا تھا کہ اگر مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ کرے تو ہم کیا کریں؟ جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ کرے تو مجھ سے کرے۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان بھی وہی موقف دہرا رہی ہیں جو بانی پی ٹی آئی نے پہلے اختیار کیا تھا، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ تمام معاملات ان کے ہاتھ میں ہوں کیونکہ ماضی میں کئی مواقع ضائع ہو چکے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ کبھی ہم بریک تھرو کے قریب نہیں پہنچے، لیکن ہر بار موقع ضائع ہوا۔انہوں نے وفاقی وزیر رانا ثنااللہ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کا اکاؤنٹ بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں؟ زبان بندی کسی کی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس سے سیاست کو نقصان پہنچتا ہے۔

علی محمد خان

مزیدخبریں