اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کے جواب نے عالمی رائے تبدیل کی ہے۔، ورلڈ آرڈر اب بنیادی طور پر ملٹری آرڈر بن چکا ہے، آج جس کے پاس مضبوط فوج ہے تو وہی طاقتور ملک ہے۔ایک انٹرویو میں حناربانی کھر نے کہا کہ پاکستان نے فوجی طاقت سے بھارت کو جو جواب دیا دنیا اس کی معترف ہے، امریکا کو عرب خطے میں ایک سیکیورٹی گارنٹی کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔انھوں نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد امریکا نے کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا، امریکی ردعمل نہ آنے کے بعد عرب ممالک نے دوسری طرف دیکھنا شروع کیا۔حنا ربانی نے کہا کہ امریکا کی سیکیورٹی گارنٹی کو اب کمزوری سمجھا جارہا ہے جو بڑی بات ہے، سعودی عرب ایران تعلقات بھی معمول پر آچکے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملے کیے، پاکستان نے ایران کے حق میں آواز اٹھائی اور بھرپور ساتھ دیا جس کو تہران نے بھی سراہا ہے۔ سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ یورپی ممالک کی جانب سے ایران پر پرانی پابندیاں بحال کی جارہی ہیں، ایران پر پابندیاں بحال ہوتی ہیں تو اس سے تہران کو بہت نقصان ہوگا۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایران پر اسنیپ بیک پابندیاں نہ لگنا ہی خطے اور پڑوسی ممالک کیلئے بہتر ہے، خطے میں جو جنگی ماحول ہے صرف اسرائیل کی وجہ سے ہے۔
حنا ربانی