گردشی قرض تمام وسائل نگل رہا تھا، مسئلے سے نمٹنا بہت بڑی کامیابی: شہبا زشریف

Sep 26, 2025

                                                                        نیویارک،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا، اس کے مسائل سے نمٹنا بہت بڑی کامیابی ہے۔نیویارک میں شعبہ توانائی کے گردشی قرضے کے خاتمے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاگردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا اور یہ مسلسل بڑھتا جارہا تھا، بجلی کے شعبے میں لائن لاسز بھی ایک بڑا چیلنج ہے، اگلے مرحلے میں لائن لاسز کے مسئلے پر توجہ دی جائیگی۔انہوں نے کہا وزیر توانا ئی کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے مستعدی سے کام کیا اور آئی پی پیز کیساتھ کامیاب مذاکرات کیے، گردشی قرضے کا منصوبہ اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔علاوہ ازیں تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا گردشی قرضے کی وجہ سے معیشت پر بہت بوجھ ہے اور اس وجہ سے توانائی کا شعبہ متاثر ہو رہا تھا، گردشی قرضے پر قابو پانے کیلئے اتفاق رائے سے لائحہ عمل وضع کیا گیا، گردشی قرضے کے خاتمے کی سکیم شعبہ توانائی میں اصلاحات کا حصہ ہے، سکیم کے تحت آئندہ 6 سال میں گردشی قرضے سے نجات حاصل ہوجائیگی۔اس موقع پر وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا پاور سیکٹر کے اسٹرکچرل مسائل حل ہورہے ہیں، گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے ایک سال سے کوششیں جاری تھیں، گردشی قرضے کے خاتمے کی سکیم اہم سنگ میل ہے، گردشی قرضے کے خاتمے کی توانائی کے شعبے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔توانائی کے شعبے میں ٹیکسوں میں کمی کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں، توانائی شعبے کو درپیش گردشی قرضے کے سنگین مسئلے کے خاتمے کیلئے ایک جامع  منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ گردشی قرضے کے مسئلے کے حل کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔پالیسی ریٹ میں حالیہ کمی سے اس قرض کی ادائیگی آئندہ چھ سال میں ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے واضح کیا قرضوں کی ادائیگی بینکوں پر مسلط نہیں کی گئی، بلکہ اس سکیم میں تمام فریقین کیلئے مراعات شامل ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد علی نے کہا یہ منصوبہ وسیع مشاورت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری کی قیادت میں شعبہ توانائی بہتری کی جانب گامزن ہے۔قبل ازیں وفاقی حکومت نے ملک کے مالیاتی نظام کو درپیش بڑے بحران کے حل کی جانب عملی پیشرفت کرتے ہوئے پاور سیکٹر کے 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے کے مسئلے کو سلجھانے کیلئے تاریخی معاہدہ کر لیا۔وزارت خزانہ کے مطابق ایک ہزار دو سو پچیس ارب روپے کے گردشی قرض کو کم کرنے کیلئے وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کی قیادت میں یہ ڈھانچہ جاتی معاہدہ مکمل کیا گیا جس میں سٹیٹ بینک، 18 بینکوں اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے اہم کردار ادا کیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا اس معاہدے کے تحت 660 ارب روپے کے پرانے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی جائیگی جبکہ 565 ارب روپے کی نئی فنانسنگ بجلی پیدا کرنیوالی کمپنیوں کو دی جائیگی تاکہ ان کے واجبات ادا ہو سکیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق سب سے اہم پہلو یہ ہے اس معاہدے کے نتیجے میں صارفین پر کوئی نیا بوجھ نہیں ڈالا جائیگا بلکہ ادائیگیاں پہلے سے عائد 3.23 روپے فی یونٹ سرچارج کے ذریعے کی جائیں گی، معاہدے سے 660 ارب روپے کی خودمختار ضمانتوں کے کھلنے کی راہ ہموار ہو جائیگی، جس سے زرعی شعبے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)، ہاؤسنگ، تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہونگے۔وزارت خزانہ کے مطابق معاہدے کے نتیجے میں نہ صرف توانائی کے شعبے میں استحکام آئے گا بلکہ ملکی معیشت میں بھی بہتری کا نیا دروازہ کھلے گا، جو آنیوالے وقت میں پائیدار ترقی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا۔

شہباز شریف

مزیدخبریں