سندھ کے بلدیاتی ضمنی انتخابات، پیپلز پارٹی نے 28میں سے 21نشستوں پر میدا ن مار لیا

Sep 26, 2025

                                                            کراچی(آن لائن)کراچی کے 3 اور مجموعی طور پر سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا، الیکشن کمیشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 21 نشستوں پر میدان مارلیا جبکہ آزاد امیداروں نے 3، ٹی ایل پی 2 جبکہ جماعت اسلامی اور جی ڈی اے کو 1،1 نشست پر کامیابی ملی۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے 14 اضلاع میں 6 چیئرمین، 7 وائس چیئرمین، 13 جنرل ممبر، وارڈ اور 2 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کے انتخاب کے لیے بدھ کو پولنگ ہوئی جو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہی۔جن حلقوں میں انتخاب ہوا ان میں کراچی ڈویژن کے 3 اضلاع کی 5 بلدیاتی نشستیں بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ غیر حتمی نتائج کے مطابق کراچی میں 5 میں سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی چاروں نشستوں پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی جبکہ کونسلر کی ایک نشست جماعت اسلامی کے حصے میں آئی۔اورنگی ٹاؤن کی یو سی 1 کے چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی امیدوار شہنیلا عامر 3801 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیں، ٹی ایل پی کے امیدوار محمد علی 1787 ووٹ لے کر دوسرے اور جماعت اسلامی کے محمد خورشید عالم 1288 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ضلع شرقی میں ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کی یوسی 8 کے وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی امیدوار شہروز احمد 1790 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار جلیل احمد مغیری 166 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ضلع غربی ٹی ایم سی منگھو پیر یو سی 10 کے وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی امیدوار اسٹیفن مسیح 891 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ان کے مقابلے پر اے این پی کے امیدوار نے 324 ووٹ حاصل کیے۔ضلع کیماڑی ٹی ایم سی بلدیہ کی یو سی 8 کے وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی امیدوار محمد فیصل 3132 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، آزاد امیدوار حسنین علی چوہان 1084 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ جماعت اسلامی امیدوار یاسر حیات 796 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر رہے.جبکہ ٹی ایم سی اورنگی کی یو سی نمبر 1 کے چیئرمین اور یو سی 7 کے وارڈ 4 کی جنرل ممبر کی نشست پر جماعت اسلامی کے امیدوار محمد بلال نصیر 791 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی امیدوار شیخ اظہر 749 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔مجموعی طور پر کراچی، مٹیاری، سکھر، بدین، ٹھٹھہ، خیرپور، دادو، میرپورخاص اور جامشورو میں پیپلز پارٹی نے 21 بلدیاتی نشستوں پر فتح حاصل کی۔آزاد امیداروں نے 3، ٹی ایل پی 2 جبکہ جماعت اسلامی اور جی ڈی اے کو 1،1 نشست پر کامیابی ملی۔ 

الیکشن

مزیدخبریں