دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت مقابلے کے دوران قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے نہ صرف میدان بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ وکٹ حاصل کرنے کے بعد حارث رؤف نے منفرد انداز میں دوڑتے ہوئے ہاتھ پھیلائے جیسے کہ وہ جہاز اڑا رہے ہوں، جس سے شائقین کرکٹ میں جوش و جذبہ بھر گیا۔
اس کے علاوہ، انہوں نے بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی کی یاد دلاتے ہوئے مخصوص اشارے بھی کیے، جو مداحوں کو پرجوش کر گئے۔اب حارث رؤف کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ بنگلادیش کو شکست دینے کے بعد شائقین سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔ اس موقع پر شائقین نے انہیں بھرپور حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت سے بدلہ لینا ہے اور انہیں ہرگز نہیں چھوڑنا۔
ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی طرف سے ہے، انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پلیز اس بار آپ کو جیتنا ہی ہو گا۔