الیکشن کمیشن امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے، عوامی سروے

الیکشن کمیشن امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے، عوامی سروے
الیکشن کمیشن امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے، عوامی سروے

  

لاہور (چوہدری حسنین / الیکشن سیل) ملک میں ایک کے بعد دوسرا دھماکہ اور پے درپے دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن صرف دعوے کررہا ہے امیدواروں، سپورٹرز اور ووٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے کوئی ٹھوس قدم سامنے نہیں آیا۔ ان خیالات کا اظہار شہریوں نے روزنامہ ”پاکستان“ کے سروے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئے روز نئے نئے دعوے کرتا رہتا ہے کہ تمام امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی الیکشن کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی الیکشن وقت پر ہوں گے اور شفاف طریقے سے ہوں گے لیکن یہ سب باتیں ہی ہیں ان میں سے عمل تو کسی چیز پر نہیں ہوا الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی ملک میں 20سے زائد دھماکے ہوچکے ہیں جن میں سینکڑوں لوگ ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں لیکن اس پر آج تک کنٹرول نہیں ہوسکا۔ پرویز احمد کا کہنا تھا کہ یہ جو آئے روز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہورہی ہے لیکن ان پر کوئی ٹھوس عمل درآمد نہیں کروایا جارہا اور نہ ہی ان کو کوئی سزا دی جارہی ہے نوٹس تو ہزاروں کو بھیج دیتے ہیں لیکن کوئی بھی نتیجہ نہیں نکلا محمد ظفر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اگر خود الیکشن کی نگرانی کرے تو ممکن ہے کہ جو وعدے انہوں نے عوام کے ساتھ کئے ہیں ان کو پورا کرسکے اور اگر الیکشن کمیشن صرف دعوے کرکے چھوڑ دے گا اور اس پر کارروائی کو یقینی نہیں بنائے گا تو کچھ نہیں ہوگا۔ غلام علی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جو دعوے کئے ہیں وہ ان کو پورا بھی ضرور کرے گا۔

مزید :

الیکشن ۲۰۱۳ -