سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھیں گئے

سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھیں گئے

جدہ (محمد اکرم اسد/ بیورو چیف) پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں اور یہاں کے کھلاڑیوں میں صلاحیتوں کی بھی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروٹ کے لئے تعاون جاری رکھیں گے اور جب بھی انہیں بلایا گیا تو حاضر ہوں گے۔ انہوں نے مدینہ منورہ کے ایک مقامی ہوٹل میں مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور جدہ کرکٹ ایسوسیا یشن کے تعاون سے ہونے والے سعودی پریمیئر لیگ کپ 2016ء کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں دونوں ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے علاوہ کمیونٹی کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ آفریدی نے کہا کہ وہ سعودی عرب پریمیئر لیگ کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا کھیل مقبولیت حاصل کررہا ہے اور اس کے فروغ کے وسیع مواقع ہوتے ہیں۔ ملک میں کھیلنے والے کرکٹرز باصلاحیت ہیں اور امید ہے کہ کھیل کے فروغ کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ایم سی اے کی انتظامیہ اور ٹورنامنٹ کے سپانسر مائی کئر اینڈ ہالہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ تقریب کے ناظم اور لیگ کے منتظم اعلیٰ حامد رانا نے سعودی پریمیئر لیگ کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا آغاز جدہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا اور اب اس کا انعقاد پہلی مرتبہ مدینہ میں ہورہا ہے۔ انہوں نے سعودی کرکٹ کے لئے آفریدی کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ ایم سی اے کے صدر زاہد علی نے کرکٹ کے فروغ کے لئے 1986ء سے سرگرم ایم سی اے کی خدمات کی تفصیل بتائی۔ مدینہ منورہ کی معروف شخصیت احمد بکرزیان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ ان کے والد نے مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے لئے زمین فراہم کی۔ جس پر ایم سی اے کا گراؤنڈ بنایا گیا۔ انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ جے سی ایل کے صدر اعجاز احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پریمیئر لیگ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ لیگ کے سپانسر سمیر ندال نے تقریب سے خطاب کیا اور کھیل کی ترقی اور فروغ کے لئے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔ بعدازاں شاہد آفریدی نے دیگر مہمانوں کے ساتھ مل کر لیگ کے لئے ٹرافی کی رونمائی کی۔ تقریب میں جازان پریمیئر لیگ کے صدر بھی شریک تھے۔ لیگ میں آر سی ایل، ایم پی سی ایل اور جے پی سی ایل کی تنظمیں بھی شریک ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...