پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کیلئے درخواستوں کا مرحلہ مکمل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کیلئے درخواستوں کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور آئندہ پانچ سے 6 روز میں چیئرمین پی سی بی کی منظوری کیساتھ نئے ہیڈ کوچ کا اعلان متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ہیڈ کوچ کیلئے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 25 اپریل مقررکی تھی جس دوران بہت بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی گئیں تاہم صرف 6 سے 7 غیرملکی اور 4 ملکی کوچز پی سی بی کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے میں کامیاب ہو سکے جبکہ 3 سے 4 غیر ملکی امیدواروں نے میڈیا میں نام آنے پر درخواستیں واپس لے لی تھیں۔ذرائع کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں وسیم اکرم، رمیزراجہ اور فیصل مرزا پر مشتمل جائزہ کمیٹی منتخب امیدواروں میں سے تین یا چار حتمی نام شہریار خان کے حوالے کریں گے جس کے بعد چیئرمین پی سی بی کسی بھی شخص کو ہیڈ کوچ منتخب کر سکیں گے۔