لاہورقلندرز کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا: عاقب جاوید

لاہورقلندرز کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا: عاقب جاوید

لاہور( سپورٹس رپورٹر)یو اے ای کے سابق کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ لاہور قلندر نے انہیں ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بناکر جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور انشاء اللہ لاہور قلندر کی ٹیم نہ صرف پاکستان کی بلکہ دنیا میں نمبر ون ٹیم شمار ہوگی ۔لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہاکہ وہ 16سال سے پروفیشنل کوچ ہیں اور پہلے انہوں نے پاکستان کی جونیئر ٹیموں کے ساتھ بطور کوچنگ کی اور بعد میں یو اے ای کی ٹیم کے ساتھ کوچنگ کے عہدہ کو بطور چیلنج قبول کیا اور تمام ٹارگٹس کو حاصل کیا ۔عاقب جاوید نے کہاکہ لاہور قلندر کے ایمرجنگ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے اس سے پاکستان ٹیم کو بھی فائدہ ہوگا ۔عاقب نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہر کوچ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی قومی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ کام کرے اور میری بھی یہی خواہش ہے۔ تاہم جونیئر ٹیموں کو سب سے زیادہ کوچنگ کی ضرورت ہوتی ہے اور ملک کے سب سے بہترین کوچ کو جونیئر کھلاڑیوں کا کوچ ہونا چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں عاقب نے بتایا کہ انہیں اگر پی سی بی کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ اس پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

اور انہیں انڈر 19ٹیم کے ساتھ بھی بطور کوچ کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ،عاقب جاوید نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سب سے اہم مسئلہ ہے لیکن اس کی بحالی کے لئے پی سی بی کو ڈومیسٹک سطح پر پی ایس ایل کروانی چاہئے اور اگر 15سے 20کھلاڑی بھی پاکستان آگئے تو ان کو دیکھ کر دنیا کی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آسکتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں ابھی وقت لگے گا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی