وفاقی بجٹ 2016-17ء کاروبار دوست ہوگا ، لاہور چیمبر

وفاقی بجٹ 2016-17ء کاروبار دوست ہوگا ، لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے توقع ظاہر کی ہے کہ وفاقی بجٹ 2016-17ء کاروبار دوست ہوگا اور اس میں توانائی و پانی کے شعبوں پر خاص توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ وفاقی بجٹ میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور پانی کی قلت کے مسائل پر قابو پانے، ریونیو میں براہِ راست ٹیکسوں کا حصہ بڑھانے، بلاواسطہ ٹیکسوں کی سلیب (Slab)کم کرنے ، سیلز ٹیکس کی شرح گھٹانے اور سمگل ہونے والی اشیاء پر ٹیرف کم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ معاشی اہداف کا جلد حصول ممکن ہوسکے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لیے پالیسی میکرز آبی ذخائر کی تعمیر، تھرکول سے توانائی کے حصول اورپاکستا ن ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے موزوں فنڈز مختص کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں کالاباغ، داسو پاور پراجیکٹ، دیامیر بھاشا ڈیم، منڈا ڈیم، گومل زیم ڈیم، ستپارہ پاور پراجیکٹ اور کرم تنگی ڈیم کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگے تھرمل ذرائع پر انحصار سے صنعتوں کی پیداواری لاگت اور درآمدی بل دونوں بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بائیوگیس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول میں 175ارب ٹن کوئلے کے ذخائر ہیں جن کی ایک محتاط اندازے کے مطابق مالیت تیرہ ٹریلین ڈالر ہے اور ان کے ذریعے سو سال تک ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جو تیز رفتار معاشی نشوونما کے لیے بہت ضروری ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، کوئلے، توانائی، زراعت، لائیوسٹاک، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے لیکن بدقسمتی سے فنڈز کا فقدان مارکیٹنگ کی راہ میں آڑے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے لیے پالیسی میکرز کو اُن اشیاء پر ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کرنے چاہئیں جو سمگل ہورہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پلاسٹک مولڈنگ کمپاؤنڈ، الیکٹرانکس، کیمیکل، فیبرک، ٹائراور ٹیوب کی سمگلنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کو بھی منافع بخش بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...