جنرل ہسپتال کے 1339 ملازمین کو اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی گئی

جنرل ہسپتال کے 1339 ملازمین کو اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی گئی

لاہور( جنرل رپورٹر) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کے بورڈ آف مینجمنٹ نے 1339 ملازمین کو اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ منظوری چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ جنرل ( ر) ضیاء الدین خواجہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات کی روشنی میں دی گئی۔ پرنسپل نے اجلاس کو بتایا کہ 396 نرسنگ سٹاف سمیت مجموعی طور پر ادارے کے 1339 ملازمین ایسے ہیں جنہوں نے مختلف اوقات میں محنت ، لگن اور دیانت کے ساتھ نا صرف پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دئیے بلکہ 2015-16 کے دوران انہوں نے اپنے اچھے رویہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین کی بہتر دیکھ بھال سے دل جیتے۔ ایسے ملازمین ادارے کے لئے کسی سرمائے سے کم نہیں ۔ ان حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ آئندہ بھی وہ محنت اور خلوص سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ بورڈ آف مینجمنٹ کے ارکان نے پرنسپل کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اعزازیہ دینے کی منظوری دی ۔یہ رقم ملازمین کومئی کی تنخواہ کے ساتھ ادا کی جائے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1