حکومت نے ادارے فروخت کرکے سرکاری ملازمین کو خودکشیوں کی جانب دھکیل دیا ،کامل آغا
لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں سینٹیر کامل علی آغا مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ،میاں محمد منیر، لیبرونگ کے مرکزی صدر راجہ امتیاز سے پنجاب ٹیچریونین، سوئی نادرن گیس ایمپلائز یونین، پاکستان ریلوے مزدور یونین، پاکستان سٹیل مزدور یونین، پاکستان لیبرفیڈریشن اور دیگر مزدور تنظیموں کے وفد نے شاہد سلیم چوہدری اور ارشد بخاری چیئرمین ریلوے مزدور یونین کی قیادت میں ملاقات کی لیبروفد سے خطاب کرتے ہوئے سینٹر کامل علی آغا ،میاں محمد منیر نے کہا کہ حکومت نے قومی ادارے فروخت کرکے سرکاری ملازمین کو فاقوں اور خودکشیوں کی طرف دھکیل دیا ہے بطور اپوزیشن ن لیگ سرکاری اداروں کی پرائیویٹائزیشن کے خلاف مظاہروں میں شرکت کرتی رہی ہے لیکن اقتدار میں آتے ہی پرائیویٹائزیشن کے نام پر سرکاری ملازمین سے روٹی کا نوالہ تک چھیننے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ٹیچرز یونین لیڈر رائے غلام مصطفی اور ارشد گل نے کہا کہ اساتذہ اور مزدور متحد و یکجا ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے انہوں نے کہا کہ ایک طرف اربوں روپے لاگت سے دانش سکول قائم کیے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب غریب بچوں کے پڑھنے والے سکولوں کو پرائیویٹ اداروں کے سپرد کیا جارہا ہے جہاں ٹیچروں کو ملازمت کو تحفظ حاصل ہوگا نہ ہی بچوں کو ارزاں تعلیم حاصل ہوسکے گی۔پانچ ہزار سے زائد سکولوں کو پرائیویٹ کمپنیوں کو دے کر حکومت تعلیم کے نام پر اربوں روپے کی اعلانیہ کرپشن کر رہی ہے اور دوسری جانب اساتذہ کا مستقل انتہائی سیاہ ترین اور فاقہ کشی کی جانب مبذول ہے مزدور راہنماؤں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔شاہد سلیم چوہدری اور ارشد بخار ی نے کہا کہ پاکستان سٹیل کے ملازمین کو ان کی 6ماہ کی رکی ہوئی تنخواہ فوری ادا کی جائے۔اور ان کے خاندانوں کو فاقہ کشی سے بچایا جائے اس موقع پر ناصرہ تاج، فیاض تبسم، رانا عارف، تنویر احمد، اسماعیل شاہ، سید وقار قمر، ملک لطیف ، حاجی سعید آرائیں، مرتضی حسین ڈوکہ، منیر چٹھہ،اللہ رکھا ،چوہدری تاج حیدر اور دیگر یونین لیڈربھی موجود تھے ۔