رحمانی احکامات سے بغاوت کرنیوالی سابقہ قومیں عذاب کا شکار ہوئیں،عباس صدیقی
لاہور ( خبر نگار ) چیئرمین اسلامی تحریک طلبہ پاکستان غلام عباس صدیقی نے کہا ہے کہ سابقہ قومیں اور مذاہب اس لئے اللہ کے عذاب کا شکار ہوئے کہ انہوں نے آسمانی ،رحمانی احکامات سے بغاوت کی ۔ آج امت مسلمہ کے زوال کی وجہ بھی آسمانی آئین،دستور،قانون قرآن سے منہ موڑنا ہے ان خلایات کا اظہار انہوں نے درس قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج اللہ کے احکامات کو مسلمان پس پشت ڈال چکے جس کی وجہ سے آسمان سے بارشوں،زمین سے زلزلوں ،آپس میں قتل وغارت گری،مغلوبیت جیسے عذاب اللہ نے مسلط کر دئے ۔ربانی عذابوں سے بچنے کا واحد راستہ اللہ ورسولﷺ کے احکامات،اس کا نظام خلافت قائم کرنا ہی ہے اس کے بغیر حالات درست نہیں ہوں گے ۔اسلامی تحریک طلبہ کے سربراہ نے کہا کہ جس دور کے اہل ایمان نے بھی اللہ کے احکامات پر عمل کیا اس کے نظام ،قانون سے وفا کی تو اللہ تعالیٰ نے اس کا مقام بلند کردیا،اسے دنیا میں غلبہ عطاء کیا ۔مسلمان آپس کی فرقہ پرستہ ترک کرکے مسنون طریقے سے نظام مصطفیٰ ﷺ کے لئے میدان میں اتریں انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک طلبہ فرقہ پرستی سے بالا تر ہوکر اتحاد امت ۔وحدت امت اور غلبہ دین کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔طلبہ برادری ہمارا ساتھ دے ،تقریب میں محمد عدنان،طارق خان سے خصوصی شرکت کی ۔