چیئرمین تنظیم اتحادا مت آج ایک روزہ تبلیغی دورے پر نارووال ہونگے

چیئرمین تنظیم اتحادا مت آج ایک روزہ تبلیغی دورے پر نارووال ہونگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی)چیئرمین تنظیم اتحادا مت پاکستان آج 27اپریل ایک روزہ روحانی تنظیمی ،اصلاحی اور تبلیغی دورے پر نارووال جائیں گے۔ وہ اپنے دورے کے دوران معروف روحانی درگاہ آستانہ عالیہ علی پورسیداں شریف جائیں گے۔ جہاں پر قیام پاکستان کے عظیم روحانی بزرگ پیر سید جماعت علی شاہ،استحکام پاکستان کے رہنما پیر سید علی حسین شاہ نقش لاثانی اور پیر سید محمد اسماعیل شاہ کے مزارات پر حاضری دیں گے ۔جبکہ پیر سید کرامت علی حسین شاہ سجادہ نشین علی پورسیداں شریف سے ملاقات کریں گے اور8مئی کو ہونے والی ’’اتحادا مت کانفرنس‘‘ کی دعوت دیں گے۔جبکہ دوسری طرف 8مئی کو آل پارٹیز ’’اتحادا مت کانفرنس ‘‘کی دعوتیں دینے کا شیڈول ترتیب دے دیاگیا ۔کانفرنس کی دعوتیں تمام مسالک کے مرکزی راہنماؤں سے چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان محمد ضیاء الحق نقشبندی وفد کے ہمراہ الگ الگ ملاقاتیں کرکے دیں گے ۔تاکہ ’’آل پارٹیز اتحاد امت کانفرنس ‘‘زیادہ سے زیادہ کامیاب ہو سکے اور اس کے اثرات دیر پا ثابت ہوں ۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز تنظیم کے مرکزی رہنماؤں کے اجلاس میں کیا گیا۔راہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جس نازک دور سے گزر رہا ہے ایسے حالات میں مسلکی اختلافات کی اجازت کسی صورت میں نہیں دی جا سکتی ۔ اغیار کی سازشوں کو ناکام ونامراد بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔تمام مسالک کے علماء دوسرے مسلک کی دل آزاری سے باز آجائیں توکافی حد تک اتحادا مت کی فضاقائم کی جا سکتی ہے ۔راہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ علماء کرام اگر ذاتی مفادات کے لیے اکٹھے ہو سکتے ہیں تو اسلام اور پاکستان کے اجتماعی مفادات کے لیے اکٹھے کیوں نہیں ہو سکتے ۔دینی اقدار کو سبوتاژ کیا جارہا ہے اورعلماء کرام اپنے مسلکی اختلافات کو لیے بیٹھے ہیں ۔اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مسالک کے ذمہ داران میدان عمل میں آئیں اور لوگوں کو حقیقت اسلام سے آگاہ کریں ۔