شوکت خانم ٹرسٹ انتظامیہ نے بے بنیاد الزامات کو ایک بار پھر مسترد کردیا
لاہور (پ ر) شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی انتظامیہ نے ٹرسٹ کے سرمایہ کاری کے حوالے سے بے بنیاد الزامات کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک خیراتی ادارے کو کچھ سیاستدانوں کی طرف سے بلاوجہ ذاتی و سیاسی مقاصد کیلئے نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ادارہ اس معاملے کے بارے میں عوام کو پہلے بھی کئی بار تفصیل سے آگاہ کرچکا ہے کہ انڈومنٹ فنڈ میں سے کی گئی سرمایہ کاری کی تین ملین امریکی ڈالر کی تمام رقم 29جون 2015ء کو وصول ہوچکی ہے اور اس ضمن میں ادارے کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوااور یہ سرمایہ کاری ٹرسٹ کی انویسٹمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کی گئی تھی۔نتظامیہ نے بتایا کہ ادارے نے سرمایہ کاری کے وقت اپنے آڈٹ اکاؤنٹس میں اس سرمایہ کاری کی تفصیل کو ادارے کی ویب سائٹ پر پیش کردیا تھا، اسی طرح اس رقم کی واپسی کی تفصیل بھی اسی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس سرمایہ کاری کا طریقہ کار شفافیت پر مبنی تھا اور یہ کوئی راز کی بات نہیں تھی۔انتظامیہ ایک بار پھر سیاستدانوں سے اپیل کرتی ہے کہ اس معتبر خیراتی ادارے کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی خاطر کسی قسم کی سیاست میں ملوث نہ کریں اور ادارے کو انسانیت کی خدمت کے عظیم مقصد کیلئے کام کرنے دیں، جس کو عوام کا مکمل اعتماد حاصل ہے ۔