پاکستان ،آذر بائیجان کو دفاع ،مواصلات ،توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینی چاہئے :ممنون حسین

پاکستان ،آذر بائیجان کو دفاع ،مواصلات ،توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو وسعت ...

اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کو دفاع ، مواصلات اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینی چاہئے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے عوامی سطحوں پر رابطوں کو بڑھانے اور تجارتی اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت ہے۔یہ بات صدر مملکت نے آذربائیجان کے وزیر برائے دفاعی صنعت یاور جمالوو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان مسئلہ نگورونو کاراباخ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے جسے دوطرفہ تجارت میں وسعت سے بڑھایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے امید کا اظہار کیا کہ پاک آذربائیجان مشترکہ وزارتی کمیشن کا چھٹا اجلاس معاشی تعلقات کو مضبوط کرنے اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ صدر ممنون حسین نے ز ور دیا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، جنوب مغربی ایشیا اور چین کے درمیان رابطوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ خطے کے عوام خوش حال ہو سکے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے ،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے عوامی سطحوں پر رابطوں کو بڑھانے اور تجارتی اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت ہے۔ملاقات میں شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم اور رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی