فانی کار و موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ خاتون ساتھی سمیت گرفتار،2ملزم فراد

فانی کار و موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ خاتون ساتھی سمیت گرفتار،2ملزم فراد

لا ہور(کرائم رپورٹر)اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف صدر نے کار و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث فانی کار چورگینگ کے2ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی12کاریں،5موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیز اور 3کلو چرس برآمد کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق کار چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے ایس پی AVLS ملک محمداویس کی سربراہی میں مختلف پولیس ٹیموں کوکار و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کی گرفتاری کا ہدف دیا۔ ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف صدر رانا زاہد حسین کی سربراہی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف انسپکٹر مہدی حسن اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ریڈ کر کے فانی کار و موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ فرحان مسیح عرف فانی اور اس کی لیڈی ساتھی ثمینہ اختر کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی12کاریں، 5موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیزاور3کلو چرس برآمد کر لی ہے جبکہ ملزموں کے دیگر دو ساتھی ممتاز حسین اور غنی اکبر خان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں مختلف تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اورعلاقہ غیر لے جا کر اُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے ستو کتلہ، ٹاؤن شپ، ڈیفنس، جوہر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، مصطفی ٹاؤن، لوئر مال، فیصل ٹاؤن، گرین ٹاؤن، قائد اعظم انڈسٹریل ایریا، لیاقت آباد، ہنجر وال، مصری شاہ اور فیکٹری ایریاکے تھانوں کی حدود سے کار و موٹر سائیکل چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمدچوہدری نے ملزموں کی گرفتاری اور گاڑیوں کی برآمدگی پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔

مزید : علاقائی