چار بڑے شہروں میں ڈالفن فورس شروع کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

چار بڑے شہروں میں ڈالفن فورس شروع کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

لا ہور(کرائم رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں چار بڑے شہروں راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ڈالفن فورس شروع کیے جانے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کیپٹن (ر) عثمان خٹک، ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کیپٹن (ر) عارف نواز، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب ڈاکٹر عارف مشتاق۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرزبی اے ناصراوردیگرافسران کے علاوہ سی پی او کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف اور ایس پی مجاہد انچارج ڈالفن فورس قرار حسین نے اس سلسلے میں آئی جی پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی اور ان شہروں میں شروع کی جانے والی ڈالفن فورس کے بارے میں حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کے مطابق عملد رآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبے کے 13اضلاع کے تقریباََ 202تھانوں میں شروع کیے جانے والے فرنٹ ڈیسک کے قیام کی رفتار کے جائزے کے ساتھ ساتھ حالیہ دنوں شروع کی جانے والی 8787ایس ایم ایس سروس کے فیڈ بیک کا جائزہ لیا گیا۔ جس پر اے آئی جی کمپلینٹس، سید خرم علی شاہ نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ اب تک32ہزار 87کالز کے ذریعے جبکہ6ہزار 6سو73ایس ایم ایس کے ذریعے اور 171آن لائن کمپلینٹس موصول ہوئی ہیں جن میں سے صرف289 1زیر التواء ہیں۔

مزید : علاقائی