شہبازشریف کی زیرصدارت 4 گھنٹے سے زائد اجلاس

شہبازشریف کی زیرصدارت 4 گھنٹے سے زائد اجلاس

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس 4 گھنٹے سے زائد تک جاری رہا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری ایک ایک سکیم پر پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزراء، سیکرٹری صاحبان اور ترقیاتی اداروں کے سربراہان کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ محنت میں عظمت ہے اور محنت عزم اور لگن سے کام کرتے ہوئے ہی ترقیاتی اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت معیاری اور شفاف تکمیل یقینی بنانا سرکاری محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور انہیں اپنی یہ ذمہ داری نبھانے کیلئے جانفشانی اور تندہی سے کام کرنا ہے۔ خدمت خلق سے بڑھ کوئی اور عبادت نہیں ہو سکتی، اس لئے سرکاری افسران عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کی سکیموں کی بروقت تکمیل اور کامیابی کیلئے اپنا فرض ادا کریں۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی ترجیحات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کا فروغ اہم کردار ادا کرتا ہے، اسی لئے ان شعبوں کی ترقی پنجاب حکومت کی سرفہرست ترجیح ہے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...