ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غفلت اور تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا :شہباز شریف

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غفلت اور تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا ...

لاہور(جنرل رپور ٹر) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ تعلیم ، صحت ، زراعت ، پینے کے صاف پانی اور توانائی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تا کہ ان منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں۔توانائی کے منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے اور انشاء اللہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی بھی غفلت اور تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذمہ دار ہیں اور اس مقصد کیلئے متعلقہ اداروں کو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر محنت اور لگن سے کام کرنا ہے ۔ وہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ جس میں صوبائی وزراء، مشیران،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیاتی اور تمام صوبائی محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی ۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہر قدم صوبے کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے لئے اٹھ رہا ہے اور عوام کی خدمت ہمارے لئے عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے اور اس مقصد کے لئے صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے جامع پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔اربوں روپے کی لاگت سے صاف پانی پراجیکٹ کے منصوبے کے تحت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران نے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں ۔ پاکستان کا مستقبل توانائی بحران کے جلد خاتمے سے وابستہ ہے۔ ملک کو اس بحران سے نکالنے کے لئے شب و روز کاوشیں جا ری ہیں اورتوانائی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔توانائی منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی کمی کا مسئلہ حل ہو گا اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات ملے گی ۔ توانائی اور دیگر منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے ایک اعلی مثال قائم کی گئی ہے ۔ بچائے گئے وسائل بھی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعلی نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت ، شفاف اور معیاری تکمیل ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ عوام کے فلاحی منصوبوں میں غفلت اور تساہل ہرگز برداشت نہیں۔ سرکاری محکمے ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لئے اپنی استعداد کار بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان کی ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت ، معیاری اور شفاف تکمیل ہمارا طرہ امتیاز ہے اور ترقیاتی سکیموں کی شفاف اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ملک کی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ زرعی شعبے کی اسی اہمیت کے پیش نظر زراعت کے فروغ اور چھوٹے کاشتکاروں کی ترقی و خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا ہے ۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنا کر ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچائے جائیں۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات جہانزیب خان نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا مشہود ، سید ہارون سلطان اور آصف بھا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کی یہاں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے ۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے کے وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے ایک بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ ملک کو توانائی بحران سمیت دیگر تمام مسائل سے نجات دلانے کے لئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران سے نجات دلانے کے لئے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلی معیار سے منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں اربوں روپے کے قومی وسائل کی بچت کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی، خوشحالی اور روشنیوں کے سفر کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن بدقسمتی سے چند سیاسی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر اس سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اوروہ ایسے عناصر کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ 2014ء میں دھرنا سیاست نے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچایا اوراب ملک جب اپنی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے تو ایک بار پھر احتجاجی سیاست کے ذریعے خوشحالی اور ترقی کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔2014ء کی طرح اب بھی انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔سیاسی بنیادوں پر قرض معاف کرانے والے کس منہ سے احتساب کا راگ الاپ رہے ہیں ۔قرض معاف کرانے والوں کو بھی حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن کرپشن کی الائشوں سے پاک ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی وسائل کی پائی پائی امانت سمجھ کر دیانتداری سے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے ۔ہمارا مشن عوام کی خدمت ہے جو ہم ہر صورت نبھائیں گے ۔وزیر اعلی نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں آج ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی میاں عالم داد لالیکا ، اکرم شیخ اورسابق ایم این اے شیخ وقاص اکرم شامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : صفحہ اول