عمران خان اپنا اور ساتھیوں کا کالا دھن نہیں چھپا سکتے ،احتساب ہو کر رہے گا:پرویز رشید

عمران خان اپنا اور ساتھیوں کا کالا دھن نہیں چھپا سکتے ،احتساب ہو کر رہے ...

اسلام آباد،لاہور(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کواپنا ذریعہ آمدن بتانا ہو گا ،شوکت خانم کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے ۔نجی ٹی وی کے مطابق پرویز رشید نے کہاکہ وزیراعظم کے بلا امتیاز احتساب کے اعلان سے عمران خان کے پیروں تلے زمین نکل گئی ہے ،عمران خان کرپٹ عناصر کے پیسوں پر پل رہے ہیں اور وہ انہی کرپٹ عناصر کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب احتساب ہو کر رہے گا ،عمرا ن خان اپنا اور ساتھیوں کا کالا دھن نہیں چھپا سکتے ۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں پر تنقید سے پنجاب کے عوام عمران خان سے نفرت کرنے لگے ہیں ،عوام کی نظروں میں عمران خان کی حیثیت سیاسی بھکاری کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنی کارکردگی سے عمران کی سیاسی دکانداری ختم کر دی ہے ،عمرا ن خان 20ویں سالگرہ پر بھی تحریک الزام کو تحریک انصاف میں نہ بدل سکے ،جمہوریت کے دشمن عمران خان جمہوریت کی بات نہ کریں نوازشریف کی سچائی کے سامنے ہر بار عمران کے جھوٹ بے نقاب ہوئے ہیں وزیراعظم کے دلیرانہ فیصلوں نے عمران خان کوذہنی مریض بنادیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ کہ دھرنوں اور دھمیکوں کے بجائے پارلیمینٹ کی چھت کے نیچے معاملات طے کرنا چاہیں۔ جمہوریت میں مذاکرات کے دروازے کھلے رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی او آرز بنانے سے پہلے بھی مذاکرات کیے تھے اور پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا گیا تھا۔دوران گفتگو وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب بلا تفریق اور سب کا ہونا چاہیے۔ پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں کی کمیٹی بنے جو سنجیدگی سے اس پر غور کرے۔ نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام تجویز کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا احتسابی نظام قائم کرنا چاہیے جس سے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو۔ احتساب کے نام پر احتساب ہی ہونا چاہیے، سیاسی کھیل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی انتہائی محترم ہیں۔ میں ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں اور ان کی بات سے بھی اتفاق بھی کرتا ہوں۔ چارٹر آف ڈیموکریسی میں ایک شق ایسی بھی تھی کہ احتساب کا عمل موثر بنانا چاہیے لیکن بدقسمتی سے اس شق پر عمل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مزید کہا کہ زاہد حامد اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیانات ایک دوسرے سے متصادم نہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے اگر کوئی تجویز ہے تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے جبکہ زاہد حامد کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے حوالے سے بنائے گئے ٹی او آرز تبدیل نہیں ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...