عزیز آباد میں کارروائی ،بھاری اسلحہ اور ینجرز کی وردیاں برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر) شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری، منگل کی صبح کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بڑی کارروائی، خطرناک ٹارگٹ کلر کاشف عرف ڈیوڈ کی نشاندہی پر علاقے کو مکمل سیل کرکے آپریشن کیاگیا، اسلحے کی بھاری کھیپ اور رینجرز کی وردیاں برآمد، دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ کارروائی میں رینجرز کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ ملزم کاشف عرف ڈیوڈ کو گزشتہ رات رینجرز نے حراست میں لیا تھا۔ ایم کیوایم میڈیاسیل کے رہنماواسع جلیل کے مطابق کاشف عرف ڈیوڈکو گزشتہ رات نہیں بلکہ6ماہ قبل کراچی کے بجائے دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔رینجرز کی کارروائی کے دوران علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور نائن زیرو پر دوبارہ چھاپے کی افواہیں پھیل گئیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کی علی الصبح رینجرز کی بھاری نفری نے عزیز آباد میں متحدہ کے مرکز نائن زیرو کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کربند کرکے رہائشی مکان کی تلاشی لی اور بھاری تعداد میں اسلحہ ، آوان بم اور رینجرز کی وردیاں اور دیگر بارودی سامان برآمد کر لیا۔پاکستان رینجرز سندھ نے عزیز آباد کے علاقے مور پارک کے قریب پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور داخلی و خارجی راستوں کو بند کردیا گیا اس دوران کسی شخص کو علاقے کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ رینجرز نے آپریشن شروع کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر محمد کاشف عرف ڈیوڈ کی نشاندہی پر ایک مکان کی تلاشی لی تو وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، کلاشنکوف، ایل ایم جی، آر پی جی، راکٹ لانچر، رینجرز کی وردیاں اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا، جسے رینجرز نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔آپریشن کے بعد رینجرز ونگ کمانڈر کرنل فیصل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر محمد کاشف عرف ڈیوڈ کو گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں اس کی نشاندہی ایم کیو ایم کے مرکزنائن زیرو کے قریب واقع مور پارک کے اطراف سرچ آپریشن کیا، اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے۔ کرنل فیصل نے بتایا کہ کاشف عرف ڈیوڈ کا تعلق ایم کیو ایم کے عسکری ونگ سے ہے، ملزم انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر ہے۔ ملزم طویل عرصے سے بیرون ملک مفرور تھا تاہم وہ کچھ ہی دن قبل کراچی واپس آیاتھا۔ ملزم کی نشاندہی پرمخصوص گھروں کی تلاشی لی گئی جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ برآمد کئے گئے اسلحے میں کلاشنکوف، ایل ایم جیز، آر پی جیز اور سیکڑوں گولیوں کے علاوہ رینجرز کی وردیاں بھی شامل ہیں۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ کارروائی پاک سر زمین پارٹی کے جلسے کی ناکامی کا ردعمل دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشف کوگزشتہ رات نہیں بلکہ 6 ماہ قبل کراچی کے بجائے دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔