سندھ اسمبلی: لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ترمیمی بل منظور

سندھ اسمبلی: لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ترمیمی بل منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی نے منگل کو سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترمیم کا ایک بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ۔یہ ’’ سندھ لوکل گورنمنٹ ( دوسرا ترمیمی ) بل 2016 ‘‘ کہلائے گا ، جس کے تحت بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ، نوجوانوں ، غیر مسلم ارکان اور مزدوروں اور کسانوں کے لیے 5 ، 5 فیصد نشستیں رکھی گئی ہیں ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترامیم کے لیے مزید دو بلز پیش کرنا چاہتے تھے لیکن اپوزیشن کے کہنے پر یہ دونوں بلز اب بدھ کو پیش اور منظور کیے جائیں گے ۔ ایک بل کے تحت بلدیات اداروں کے چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں ، میئر اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات شو آف ہینڈ کے بجائے خفیہ رائے شماری سے کرانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ بلدیاتی اداروں میں نشستوں کے تناسب سے سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں تقسیم کرنے کے لیے بھی ترمیم کی جائے گی ۔ دوسرے بل کے تحت حکومت سندھ کو بلدیاتی اداروں کی مانیٹرنگ کرنے کا اختیار دیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ اس پر اپوزیشن ہنگامہ کرے گی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...