عوام کی پسماندگی اورمحرومی کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں، ڈاکٹر امجد علی
پشاور(پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہاہے کہ سابقہ ادوار کی ناقص منصوبہ بندی اورعدم دلچسپی کے باعث آج عوام کو کئی ایک مسائل کاسامنا ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب عوام کو تنہانہیں چھوڑے گی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ پی کے۔ 82 کے گاؤں شریفے میں 16 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی بجلی کی مختلف سکیموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ معززین علاقہ اور پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر امجد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گاؤں شریفے گزشتہ 67 سالوں سے بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم تھا ۔سابقہ حکمران عوامی ضرورتوں اور سہولتوں پر توجہ دینے کی بجائے لوٹ مار کرنے میرٹ کی دھجیاں بکھیرنے ،اپنوں کو نوازنے اوراقتدار کے مزے لوٹنے میں لگے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کی سیاست صرف خان ازم کو بچانے اورطبقاقی نظام کوفروغ دینے کے لئے ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی غریب عوام کی پارٹی ہے جس میں ورکز اورعوامی نمائندے سب برابر ہیں اب خان ازم کودفن کردیا گیاہے اور اے این پی سیاست کی آڑ میں خان ازم کو نہیں بچا سکے گی کیونکہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اوروہ دھوکے میںآنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے ۔82 میں موجودہ دورحکومت میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی اب عوم اپنی آنکھوں سے تبدیلی دیکھ رہے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اورعوامی نیشنل پارٹی کے مخلص ترین کارکنان اب پی ٹی آئی میں جوق درجوق شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے خان خوانین پر اس لئے لرزہ طاری ہے کہ وہ غریبوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے ساتھ دینے کی بات کرتے ہیں لیکن مشکلات کے باوجود وہ اپنامشن جاری گے۔ حلقہ میں ترقیات منصوبوں کاذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ترقیاتی کام عوام پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے اورپی ٹی آئی 67 سالوں کی عوامی محرومیوں کوختم کرنے سمیت اورحقدار کو ان کاحق دلاکر دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی وفاقی حکومت کاکام ہے لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی سہولتیں فراہم کرنے اورعوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گاؤں شریفے میں 300 گھرانوں کے لئے 50 کے وی ٹرانسفارمر اور ایچ ٹی لائن کی سکیمیں مکمل کی گئی ہیں جبکہ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے شریفے روڈ کی پختگی کا کام بھی شروع کردیاگیا ہے جس سے کافی حدتک عوام کے مسائل حل ہوجائیں گے ۔